ایشین گیمز 2023: منگولیا کی پوری ٹیم محض 15 رن پر آؤٹ، انڈونیشیا 172 رن سے فتحیاب

انڈونیشیا کی خاتون کرکٹ ٹیم نے 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 187 رن بنائے تھے، جواب میں منگولیا کی خاتون کرکٹ ٹیم بری طرح ناکام ثابت ہوئی، 10 اوور میں ہی پوری ٹیم 17 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/ACCMedia1">@ACCMedia1</a></p></div>

تصویر@ACCMedia1

user

قومی آوازبیورو

ایشیا کپ 2023 کے فائنل میچ میں ہندوستان نے سری لنکائی ٹیم کو محض 50 رنوں پر آؤٹ کر ایک ہنگامہ برپا کر دیا تھا، لیکن کیا آپ یقین کریں گے کہ آج ایک ٹیم محض 15 رنوں پر آؤٹ ہو گئی۔ دراصل آج سے ایشین گیمز 2023 میں خاتون کرکٹ کے میچز شروع ہو گئے ہیں۔ پہلا مقابلہ انڈونیشیا اور منگولیا کے درمیان کھیلا گیا جو پوری طرح یکطرفہ ثابت ہوا۔ ٹی-20 فارمیٹ پر کھیلے جا رہے اس ٹورنامنٹ میں انڈونیشیا کی خاتون ٹیم نے 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 187 رن بنائے۔ جواب میں منگولیا کی خاتون ٹیم 10 اوور میں محض 15 رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ یعنی اسے 172 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انڈونیشیا کی سلامی بلے بازوں (نندا سکارینی 35 رن اور لوہ دیوی 62 رن) نے آج بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور 106 رنوں کی شراکت داری کی۔ اسی کی بدولت ٹیم 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 187 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ جب منگولیا کی بلے بازی شروع ہوئی تو وکٹ گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تو پھر تھما ہی نہیں۔ اسکور بورڈ پر 10 رن بھی نہیں ہوئے تھے اور منگولیا کے ساتھ 7 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔


منگولیائی خاتون ٹیم کی خستہ حالی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ سب سے زیادہ اسکور بنانے والے کھلاڑی بتجرگل رہے جنھوں نے 5 رنوں کا تعاون کیا۔ اس کے بعد دوسرا بڑا اسکور بنانے والے کھلاڑی نارنگیریل رہے جنھوں نے 3 رن بنائے۔ 7 بلے باز تو ایسے رہے جنھوں نے ایک بھی رن نہیں بنائے، اور باقی 2 کھلاڑیوں نے 1-1 رن بنائے۔ بقیہ پانچ رن جو بنے وہ ایکسٹرا سے حاصل ہوئے۔ انڈونیشیا کی طرف سے سب سے خطرناک گیندبازی اینڈریانی نے کی جنھوں نے 3 اوور میں 8 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کیے۔ 2-2 وکٹ رہماوتی (3 اوور میں 1 رن) اور لوہ دیوی (4 اوور میں 2 رن) کو حاصل ہوئے۔

آج دوسرا میچ ملیشیا اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا گیا۔ ہانگ کانگ خاتون ٹیم کی کپتان کیری چین نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ملیشیا نے 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر 109 رن بنائے۔ 110 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری ہانگ کانگ کی ٹیم 20 اوور میں محض 82 رن ہی بنا سکی اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ ملیشیا کو 22 رنوں سے جیت حاصل ہوئی اور اس میں سب سے بڑا تعاون فیلڈرس کا رہا جنھوں نے 5 کھلاڑیوں کو رَن آؤٹ کیا۔ ویسے ملیشیا کی طرف سے سب سے بڑا اسکور کپتان وینیفریڈ (29 رن) نے بنایا اور گیندبازی میں سب سے زیادہ 2 وکٹ اٹیلا (4 اوور میں 14 رن) نے حاصل کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔