ایشیا کپ: جڈیجہ کے بعد اویس خان بھی اَن فٹ، پاکستان کے خلاف نہیں کھیلیں گے میچ!

پاکستان کے خلاف ہندوستان کے تیز گیندباز اویس خان کے نہ کھیلنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ انھوں نے آج پریکٹس بھی نہیں کی۔

اویس خان، تصویر بشکریہ ٹوئٹر
اویس خان، تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ایک طرف ہندوستانی کرکٹ شیدائی ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف دوسرے میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، اور دوسری طرف ہندوستان اور پاکستان دونوں کو ہی لگاتار اپنے کھلاڑیوں کے زخمی ہونے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم میں رویندر جڈیجہ پہلے ہی زخمی ہو کر ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں، اور ان کے ٹی-20 عالمی کپ میں شامل ہونے کو لے کر بھی شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں، اب اویس خان کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ بھی پاکستان کے خلاف اتوار کو ہونے والے میچ میں نہیں کھیل پائیں گے۔

ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ نے خود اویس خان کے صحت مند نہ ہونے سے متعلق بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اویس فی الحال ٹھیک نہیں ہیں، اور آج اویس نے پریکٹس بھی نہیں کی۔ حالانکہ راہل دراوڑ نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹورنامنٹ کے آگے کے میچوں میں وہ کھیلتے ہوئے نظر آ سکتے ہیں۔


واضح رہے کہ اس سے قبل ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب رویندر جڈیجہ کے ایشیا کپ سے باہر ہونے کی خبر سامنے آئی۔ 2 ستمبر کو ہی جڈیجہ کی جگہ ٹیم میں اکشر پٹیل کو شامل کیے جانے کی اطلاع دی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ رویندر جڈیجہ داہنے گھٹنے میں چوٹ کی وجہ سے کم از کم تین مہینے تک کرکٹ سے دور رہ سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو وہ ٹی-20 عالمی کپ میں بھی حصہ نہیں لے پائیں گے۔ حالانکہ راہل دراوڑ نے ان کے بارے میں کہا کہ ابھی انھیں ٹی-20 عالمی کپ سے باہر نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔