ایشیا کپ 2023: نیپال کو شاہانہ انداز میں شکست دے کر سپر-4 میں پہنچی ہندوستانی ٹیم، اب 10 ستمبر کو پاکستان سے مقابلہ طے

ہندوستان کو 23 اوور میں 145 رنوں کا ہدف ملا تھا اور یہ ہدف ہندوستانی سلامی بلے بازوں نے شاہانہ انداز میں 20.1 اوور میں ہی حاصل کر لیا، کپتان روہت شرما نے 74 رن اور شبھمن گل نے 67 رن بنائے۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما اور شبھمن گل</p></div>

روہت شرما اور شبھمن گل

user

تنویر

ہندوستانی ٹیم نے ایشیا کپ 2023 کے سپر-4 میں داخلہ حاصل کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی یقینی ہو گیا ہے کہ آئندہ 10 ستمبر کو ایک بار پھر ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ آج ہندوستان اور نیپال کے درمیان کھیلا گیا میچ پوری طرح سے یکطرفہ ثابت ہو گیا، کیونکہ بارش سے متاثر اس میچ میں ہندوستان کو 10 وکٹ سے جیت ملی۔ ہندوستان کو 23 اوور میں 145 رنوں کا ہدف ملا تھا اور یہ ہدف ہندوستانی سلامی بلے بازوں نے شاہانہ انداز میں 20.1 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ کپتان روہت شرما کو ان کے ناٹ آؤٹ 74 رن کے لیے پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔

ہندوستان کو نیپال نے 50 اوور میں جیت کے لیے 231 رن کا ہدف دیا تھا، لیکن ابھی 3 اوور بھی نہیں ہوئے تھے کہ بارش شروع ہو گئی اور پھر تقریباً 2 گھنٹے برباد ہو گئے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور محض 17 رن ہوا تھا۔ پھر جب بارش رکی اور میدان کو کھیلنے لائق بنایا گیا تو ہندوستان کو 23 اوور میں 145 رن بنانے کا ہدف ملا۔ جب دوبارہ کپتان روہت شرما اور شبھمن گل میدان پر اترے تو 6 اوور کا کھیل ختم ہونے تک 33 رن بنے تھے، اور اس کے بعد ہی روہت نے رنوں کی رفتار بڑھانی شروع کی۔ ان کا ساتھ شبھمن گل نے بھی بھرپور انداز میں دیا۔ کوئی بھی نیپالی گیندباز دونوں کھلاڑیوں کو پریشان نہیں کر سکا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ہندوستان نے بغیر وکٹ گنوائے اور 17 گیندیں باقی رہتے ہی یہ میچ جیت لیا۔ ایک طرف کپتان روہت نے 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 74 رن بنائے، دوسری طرف شبھمن گل نے 1 چھکا اور 8 چوکوں کی مدد سے 62 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 67 رن بنائے۔


اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتنے کے بعد گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ انھوں نے ٹاس کے وقت ہی بتا دیا کہ وہ اپنے گیندبازوں کو گیندبازی کا موقع دینا چاہتے ہیں تاکہ عالمی کپ سے قبل اچھی پریکٹس ہو سکے۔ ہندوستان کے لیے محمد سمیع اور محمد سراج نے اچھی شروعات بھی کی لیکن ہندوستان کی خراب فیلڈنگ نے انھیں شروعاتی دور میں وکٹ سے محروم رکھا۔ پہلے ہی اوور میں محمد سمیع کی گیند پر آسان کیچ سلپ میں شریئس ایر نے چھوڑ دیا۔ اس کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد سراج کی گیند پر آسان کیچ وراٹ کوہلی نے چھوڑ دیا۔ ابھی ان دو کیچ کے چھوٹنے کا افسوس کم بھی نہیں ہوا تھا کہ محمد سمیع کی گیند پر انتہائی آسان کیچ وکٹ کیپر ایشان کشن نے بھی چھوڑ دیا۔

ان تین کیچ کے چھوٹنے کا بھرپور فائدہ نیپال کے سلامی بلے بازوں نے اٹھایا۔ ان دونوں نے مل کر 65 رنوں کی شراکت داری کی۔ پہلا وکٹ کشل بھرتیل کی شکل میں دسویں اوور کی پانچویں گیند پر گرا جب شاردل ٹھاکر نے انھیں ایشان کشن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ بھرتیل نے 25 گیندوں میں تیز طرار 38 رنوں کا تعاون کیا۔ اس کے بعد آنے والے تین بلے بازوں (بھیم شارکی-7 رن، کپتان روہت پوڈیل-5رن، اور کشل ملّا-2 رن) نے کچھ خاص کھیل نہیں دکھایا، بس سلامی بلے باز آصف شیخ کا ساتھ دیتے رہے۔ آصف شیخ پانچویں وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئے جب انھیں محمد سراج نے بولڈ کر دیا۔ آصف نے 97 گیندوں پر بیش قیمتی 58 رن بنائے۔ پھر آخر میں گلشن جھا (35 گیندوں پر 23 رن)، دیپیندر ایری (25 گیندوں پر 29 رن) اور سومپال کامی (56 گیندوں پر 48 رن) نے انتہائی اہم شراکت داریاں کیں۔ اس کی بدولت نیپال کی ٹیم 230 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ پوری ٹیم 48.2 اوور میں آؤٹ ہو گئی۔


ہندوستان کی طرف سے رویندر جڈیجہ سب سے کامیاب گیندباز رہے جنھوں نے 10 اوور میں 40 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ انھوں نے نہ صرف وکٹ نکالے بلکہ درمیان کے اوورس میں کم وقت بھی دیے۔ محمد سراج کو بھی 3 وکٹ ملے، لیکن انھوں نے 9.2 اوور میں 61 رن خرچ کیے۔ 1-1 وکٹ محمد سمیع (7 اوور میں 29 رن)، ہاردک پانڈیا (8 اوور میں 34 رن) اور شاردل ٹھاکر (4 اوور میں 26 رن) نے لیے۔ کلدیپ یادو ایک وکٹ بھی حاصل نہیں کر سکے لیکن انھوں نے 10 اوور میں محض 34 رن دیے۔

بہرحال، گروپ-اے سے پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں 3-3 پوائنٹس کے ساتھ سپر-4 میں پہنچ گئی ہیں اور ان دونوں کے درمیان مقابلہ 10 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ کل سری لنکا اور افغانستان کے درمیان میچ کھیلا جائے جس کے بعد یہ فیصلہ ہوگا کہ گروپ-بی سے سپر-4 میں جانے والی دو ٹیمیں کون ہوں گی۔ فی الحال سری لنکا اور بنگلہ دیش 2-2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے مقام پر ہیں۔ افغانستان کو پہلی جیت کا انتظار ہے، اور اگر سری لنکا کے خلاف بڑی جیت انھیں ملتی ہے تو ٹیم سپر-4 میں پہنچ سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔