ٹیسٹ اور ٹی-20 کے بعد انگلینڈ کو وَنڈے سیریز میں بھی شکست دینے کے لیے ہندوستان پرعزم

ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما کا خیال ہے کہ ان کی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کو جیت لیا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ٹیم نے اپنی آخری الیون طے کرلی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پنے: انگلینڈ نے ہندوستان سے ٹسٹ سیریز 3-1 سے گنوانے کے بعد پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز دو۔تین سے گنوا دی تھی۔ ان مسلسل شکست کے بعد انگلینڈ کی نظریں اب منگل سے شروع ہورہی تین میچوں کی ون ڈے سیریز پر ٹک گئی ہیں۔ یہ سیریز کافی اہم ہے کیونکہ اس سیریز میں آئی سی سی ورلڈ سپر لیگ کی بنیاد پر پوائنٹ ملیں گے۔ آئی سی سی ورلڈ سپر لیگ میں آسٹریلیا چھ میچوں میں چار میچ جیت کر چالیس پوائنٹ کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم چھ میچوں میں تین جیت اور 30 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر جبکہ ہندوستان نے اب تک اس سیریز میں تین میچ کھیلے ہیں اور وہ صرف ایک میں جیت حاصل کرسکا ہے۔ ہندوستان نو پوائنٹ کے ساتھ ٹیبل میں دسویں نمبر پر ہے۔ ہندوستان کا ہدف اس سیریز میں جیت حاصل کرکے اپنی جگہ کو یقینی کرنا ہوگا۔

ہندوستانی ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں پہلا میچ ہارنے کے بعد اور اسی طرح ٹی 20 سیریز میں پہلا میچ ہارنے کے بعد میچ میں زبردست واپسی کی تھی۔ انگلینڈ کے ون ڈے کپتان ایون مورگن کا خیال ہے کہ ان کی ٹیم کو اپنی کارکردگی میں تسلسل کو برقرار رکھنا ہوگا۔ مورگن نے پہلے ون ڈے سے قبل شام کو یہاں کہا ، "ہم نے 2019 میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد سے ہم نے ون ڈے میں اپنی کارکردگی میں تسلسل کو برقرار نہیں رکھا ہے اور ہماری کارکردگی اوسط رہی ہے۔


انگلینڈ نے 2019 میں عالمی کپ جیتنے کے بعد سے نو ون ڈے میچ کھیلے ہیں جن میں سے اس نے چار میچ جیتے جبکہ چار میں شکست اور ڈربن میں کھیلا گیا ایک ون ڈے واش آوٹ رہا ہے۔ انگلینڈ نے اس دوران جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور آئرلینڈ سے میچ گنوائے ہیں۔ انگلینڈ کے لئے ہندوستان کے خلاف یہ سیریز کافی اہم ثابت ہونے جارہی ہے۔ مورگن کا خیال ہے کہ اس سیریز میں ان کی ٹیم کا ہدف کارکردگی میں تسلسل کو حاصل کرنا ہوگا جس کی بدولت انہوں نے 2019 میں اپنا پہلا 50 اوور کا عالمی کپ خطاب جیتا تھا۔ کپتان مورگن نے ساتھ ہی کہا کہ اس سیریز سے ان کھلاڑیوں کے پاس اپنی دعویداری پیش کرنے کا موقع رہے گا جو اس سال ہندوستان میں اکتوبر۔نومبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں انگلینڈ کی ٹیم میں جگہ بنانا چاہتے ہیں۔

دوسری طرف ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما کا خیال ہے کہ ان کی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کو جیت لیا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ٹیم نے اپنی آخری الیون طے کرلی ہے۔ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری مقابلے میں کپتان وراٹ کوہلی اوپننگ کرنے اترے تھے اور انہوں نے اس میچ میں ناٹ آوٹ 80 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی لیکن روہت کا خیال ہے کہ اس اننگز سے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے بارے میں کچھ نہیں کہاجاسکتا ہے۔


روہت نے کہا کہ عالمی کپ کے لئے ابھی طویل سفر ہے۔ لوکیش راہل محدود اووروں میں ہمارے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ اس سیریز کے پانچ میچوں نے ہمیں کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر سمجھنے کا موقع دیا ہے کہ ہماری بہترین ٹیم کیا ہونا چاہئے۔ نائب کپتان نے ساتھ ہی کہا کہ عالمی کپ جب کھیلا جائے گا، اس وقت جو ٹیم کو محسوس ہوگا ، ہم اسی بنیاد پر آگے بڑھیں گے۔ میدان کے باہر جو بحث چلتی رہتی ہے کہ کون کھیلے گا اور کون نہیں کھیلے گا، اس کا ہم پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ جو کھلاڑی فارم میں ہیں انہیں موقع دینا چاہئے کیونکہ یہ چیز بہت معنی رکھتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔