اپنے ’یادگار لمحہ‘ کو یاد کرتے ہوئے یوسف پٹھان نے کرکٹ کو کہا الوداع

یوسف پٹھان عالمی کپ فائنل میں ڈیبیو کرنے والے اور چمپئن بننے والے دنیا کے واحد کرکٹر ہیں۔ اپنے پہلے میچ میں انھوں نے 8 گیندوں پر 15 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

اپنی تیز طرار بلے بازی سے مخالف گیندوں کے رونگٹے کھڑے کر دینے والے یوسف پٹھان نے کرٹ کے سبھی فارمیٹ سے سبکدوشی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے ٹوئٹ کر جانکاری دی جس میں اپنے یادگار لمحہ کا بھی تذکرہ کیا اور اپنے خوابوں و دوست و احباب کے تعلق سے اہم باتیں بھی سامنے رکھیں۔ اپنے ریٹائرمنٹ کے تعلق سے جو اسٹیٹمنٹ یوسف پٹھان نے ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ ’’انڈیا کے لیے عالمی کپ جیتنا اور سچن تندولکر کو اپنے کندھوں پر بٹھانا میرے کیریر کے یادگار لمحے رہے۔‘‘

ہندوستان کے لیے 57 یک روزہ اور 22 ٹی-20 بین الاقوامی میچ کھیلنے والے یوسف پٹھان نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ مارچ 2012 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ اس کے بعد وہ آئی پی ایل کے لیے کھیلتے رہے، لیکن اب آئی پی ایل میں بھی وہ کھیلتے نظر نہیں آئیں گے۔ اپنے اسٹیٹمنٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اب وقت آ گیا ہے کہ اپنی کرکٹ زندگی پر فل اسٹاپ لگا دوں۔‘‘


ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے یوسف پٹھان نے لکھا ہے کہ ’’میں اپنی فیملی، دوستوں، شیدائیوں، ٹیموں، کوچوں اور پورے ملک کا مجھے سپورٹ کرنے اور اتنا پیار دینے کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’مجھے آج بھی یاد ہے جب میں نے پہلی بار ہندوستان کی جرسی پہنی تھی۔ میں نے اس دن صرف ہندوستان کی جرسی نہیں پہنی تھی بلکہ میں نے اپنی فیملی، دوستوں، کوچوں اور پورے ملک کی امیدوں اور خوابوں کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیا تھا۔‘‘

واضح رہے کہ یوسف پٹھان نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف 2007 میں کھیلے گئے ٹی-20 عالمی کپ کے فائنل مقابلہ میں کھیلا تھا۔ وہ عالمی کپ فائنل میں ڈیبیو کرنے والے اور چمپئن بننے والے دنیا کے واحد کرکٹر ہیں۔ اپنے پہلے میچ میں یوسف پٹھان نے 8 گیندوں پر 15 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔


جہاں تک یوسف پٹھان کے کرکٹ کیریر کا سوال ہے، انھوں نے ہندوستان کے لیے 57 یک روزہ میچوں میں دو سنچری اور تین نصف سنچری کے ساتھ 810 رن بنائے۔ اس درمیان انھوں نے 33 وکٹ بھی اپنے نام کیے۔ 20 ٹی-20 بین الاقوامی میچوں میں انھوں نے 236 رن بنائے اور 13 وکٹ لیے۔ یوسف نے آئی پی ایل کے 174 میچوں میں 3204 رن بنائے اور 42 وکٹ حاصل کیے۔ ایک بار دلیپ ٹرافی کے فائنل میچ میں یوسف پٹھان نے ناٹ آؤٹ 210 رن بنائے تھے جسے لوگ اکثر یاد کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔