اعجاز پٹیل کے ’پرفیکٹ 10‘ کے بعد نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 62 رن پر آؤٹ

ہندوستان نے دوسرے روز اسٹمپس تک دوسری اننگ میں 21 اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 69 رن بنالئے ہیں اور اس کی کل برتری 332 رن کی ہوگئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: ورلڈ ٹیسٹ چمپئن نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے بائیں ہاتھ کے اسپنر اعجاز پٹیل کی ہندوستانی اننگ میں تمام دس وکٹیں لینے کی شاندار کارکردگی سے تحریک نہیں لے سکی اوراس کےبلے بازوں نے ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے یہاں دوسرے اور آخری ٹسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو محض 62 رن پر گھٹنے ٹیک دئے۔

ہندوستان کو پہلی اننگ میں 325 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم آج ایک سیشن بھی نہیں کھیل سکی۔ ہندوستانی گیند بازوں نے پوری ٹیم کو 28.1 اوور میں 62 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ ہندوستان کو 263 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوئی لیکن اس نے مہمان ٹیم سے فالو آن نہیں کرایا اوردوسری اننگ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے دوسرے روز اسٹمپس تک دوسری اننگ میں 21 اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 69 رن بنالئے ہیں اور اس کی کل برتری 332 رن کی ہوگئی ہے۔ اسٹمپس کے وقت مینک اگروال 38 اورچیتیشور پجارا 29 رن بناکر کریزپر تھے۔

ہندوستان نے دوسری اننگز میں مینک کے ساتھی کے طور پر شبھمن گل کی جگہ پجارا کو اتارا۔ پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے پجارا نے اس بار بہتر بلے بازی کی اور 51 گیندوں پر ناقابل شکست 29 رنز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پہلی اننگز میں 150 رنز بنانے والے مینک نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بلے بازی کی اور 75 گیندوں پر ناقابل شکست 38 رنز میں چھ چوکے لگائے۔

ایشانت شرما کی جگہ آنے والے فاسٹ بولر محمد سراج نے نیوزی لینڈ کو ابتدائی جھٹکا دیا۔ پہلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوراس میچ میں کپتانی کررہے ٹام لیتھم اور ول ینگ کو سراج نے سستے میں نمٹادیا۔ لاتھم 10 اور ینگ چار رن بناکر آوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے پہلے دووکٹ بالترتیب 10 اور 15 کے اسکورپر گرے۔۔ سراج نے پھر اپنا شکار راس ٹیلر کو بنایا، جو فارم سے جوجھ رہے ہیں۔ سراج نے ٹیلر کو ایک رن پر بولڈ کردیا۔ 17 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد دباؤ میں آنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم دوبارہ سنبھل نہ سکی۔ اس کے بعد اس کے وکٹ گرتے رہے۔ 27 کے اسکور پر اکشرپٹیل کے ڈیرل مچل کوآوٹ کرنے کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کا پورا ٹاپ آرڈر پویلین لوٹ گیا۔ پھر تجربہ کار ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون نے مڈل اور لوئر آرڈر کے بلے بازوں پر قہربن کر برسے۔ انہوں نے ایک کے بعد ایک وکٹ حاصل کی اور دیکھتے ہی دیکھتے نیوزی لینڈ کی ٹیم 62 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔


ہنری نکولس اشون کا پہلا شکار بنے جنہیں اشون نے کلین بولڈ کر کے ڈریسنگ روم واپس بھیج دیا۔ یہ نیوزی لینڈ کا پانچواں وکٹ تھا جو 31 کےا سکور پر گرا۔ اس کے بعداشون نے ٹام بلنڈیل، ٹم ساؤتھی اور ولیم سومرویل کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس طرح اشون نے چار وکٹ لیے، جب کہ سراج نے تین، اکشر نے دو اور جینت یادو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

راچن روندر کی شکل میں نیوزی لینڈ کا چھٹا وکٹ 38 کے اسکورپر گرا، جنہیں جینت نے آوٹ کیا۔ 53 رن پر اشون نے بلنڈیل کو آؤٹ کرکے ساتواں وکٹ لیا۔ اسی اوور میں اشون نے اسی سکور پر ٹم ساؤتھی کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ یہ نیوزی لینڈ کا آٹھواں وکٹ تھا۔ نویں اور دسویں وکٹ کے طورپر سومرویل اور جیمیسن کاوکٹ 62 کے اسکور پر گرا جو بالترتیب اشون اور اکشر کے نام رہا۔

ہندوستان نے ہفتہ کو دوسرے دن چار وکٹوں کے نقصان پر 221 کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ مینک 120 اور ریدھیمان ساہا 25 کے انفرادی اسکور کے ساتھ بڑا سکور کرنے کے ارادے سے کریز پر آئے لیکن پہلے دن کی طرح نیوزی لینڈ کے لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل نے ایک بار پھر بھارت کو ابتدائی جھٹکا دیا۔ انہوں نے ساہا اور روی چندرن اشون کی شکل میں لگاتار دو وکٹیں حاصل کیں۔ جہاں ساہا نے صرف دورن جوڑ کر 27 رن پر وہیں اشون کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

تاہم اس کے بعد اکشر نے مینک کے ساتھ شراکت داری قائم کی۔ اعجاز نے دونوں بلے بازوں کے خلاف جارحانہ بولنگ کی لیکن دونوں نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا اور کریز پر پاوں جمائے اور پھر رنوں کی رفتارکو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت ہوئی کہ اعجاز نے پھر کمال دکھایا اور 291 کے اسکور پر مینک کا وکٹ لے کر اس شراکت کو توڑ دیا۔ مینک آج اپنے انفرادی اسکور میں مزید 30 رنز جوڑنے میں کامیاب رہے اور 150 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد، اکشر نے اننگ کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری لی، حالانکہ وہ زیادہ اسکور نہیں جوڑ سکے اور 52 رنز بنا کر اعجاز کی گیند پرآؤٹ ہوگئے۔ یہ ہندوستان کا 316 پر آٹھواں وکٹ تھا۔ اس کے بعد اعجاز نے نچلے آرڈر کے بلے بازوں جینت یادو اور محمد سراج کو بھی زیادہ دیرٹکنے نہیں دیا اور ان کاوکٹ لے کر 325 کے اسکور پر ہندوستانی ٹیم کو آل آوٹ کردیا۔

ہندوستان کی جانب سے مینک اور اکشر کے علاوہ شبھمن گل نے 44 رنز بنائے۔ وہیں نیوزی لینڈ کی جانب سے تمام 10 وکٹیں اعجاز نے حاصل کیں۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے اور نیوزی لینڈ کے پہلے ٹیسٹ گیندباز بن گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */