عرفان پٹھان اور بیوی صفا کی ایک تصویر ہو رہی وائرل، صفا کا چہرہ دھندلا کیے جانے سے لوگ خفا!

اپنے دفاع میں عرفان پٹھان نے لکھا ہے کہ ’’یہ تصویر میرے بیٹے کے اکاؤنٹ سے بیوی نے پوسٹ کی ہے۔ اس تصویر کو لے کر کافی نفرت کی جا رہی ہے۔ میں اپنی بیوی کا دوست ہوں، مالک نہیں۔‘‘

تصویر ٹوئٹر @IrfanPathan
تصویر ٹوئٹر @IrfanPathan
user

تنویر

ہندوستان کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے بیٹے عمران اور بیوی صفا بیگ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر میں صفا بیگ کے چہرے کا کچھ حصہ بلر یعنی دھندلا کر دیا گیا ہے جس سے سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا۔ لوگ عرفان پٹھان کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کچھ ایسے تبصرے بھی کر رہے ہیں جس میں انھیں ایک ظالم شوہر ٹھہرایا جا رہا ہے۔

دراصل یہ تصویر عرفان کے بیٹے عمران کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی تھی اور اس میں صفا کا چہرہ دھندلا کیا گیا تھا۔ تصویر پر کئی ناراضگی بھرے تبصرے آ رہے تھے، جس کے بعد تصویر کو عرفان پٹھان نے خود اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’’یہ تصویر میرے بیٹے کے اکاؤنٹ سے بیوی نے پوسٹ کی ہے۔ اس تصویر کو لے کر کافی نفرت کی جا رہی ہے۔ میں خود بھی اس تصویر کو پوسٹ کر رہا ہوں۔ میری بیوی کو یہ تصویر بے حد پسند ہے اور میں اسے پوسٹ کر رہا ہوں۔ میں اپنی بیوی کا ساتھی ہوں، مالک نہیں۔‘‘


عرفان پٹھان نے مذکورہ پوسٹ کے ذریعہ اپنا دفاع کیا ہے اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ بیوی پر کسی طرح کی زور زبردستی نہیں کرتے بلکہ چہرہ چھپانے کا فیصلہ صفا بیگ نے خود لیا ہے۔ ساتھ ہی عرفان نے یہ بھی ظاہر کیا ہے کہ وہ اپنی بیوی کے بہترین دوست ہیں اور اپنا فیصلہ ان پر تھوپنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ عرفان پٹھان اپنی فیملی کے ساتھ تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں، لیکن کبھی بھی ان کی بیوی صفا کا پورا چہرہ صاف نہیں رہتا۔ بیشتر اوقات میں صفا بیگ برقع میں ہوتی ہیں اور ایک تصویر تو ایسی بھی عرفان نے پوسٹ کی تھی جس میں صفا اپنے ہاتھوں سے چہرہ چھپائے ہوئی تھیں۔ اس تصویر کو بھی سوشل میڈیا یوزر نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔


واضح رہے کہ عرفان پٹھان نے صفا بیگ سے 2016 میں شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا عمران بھی ہے جس کے ساتھ دونوں خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔ صفا بیگ جدہ کی ماڈل رہ چکی ہیں اسی لیے لوگوں کو لگتا ہے کہ چہرہ چھپانے کے لیے عرفان پٹھان نے ہی ان پر زور دیا ہے۔ حالانکہ عرفان پٹھان نے صاف کر دیا ہے کہ برقع پہننے یا چہرہ چھپانے کا فیصلہ صفا بیگ نے خود لیا ہے اور اس میں ان کا کوئی دخل نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 May 2021, 4:40 PM