راہل اور سچن کے مرکب ’رچن‘ نے کرکٹ عالمی کپ کے ڈیبیو میچ میں بنائی شاندار سنچری

رچن رویندر نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ سچن تندولکر ان کے سب سے پسندیدہ کرکٹ کھلاڑی ہیں، ان کے کھیلنے کے انداز کے وہ دیوانے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>رچن رویندر، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/ICC">@ICC</a></p></div>

رچن رویندر، تصویر@ICC

user

تنویر

کرکٹ عالمی کپ 2023 کا پہلا مقابلہ آج نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ کے ایک کھلاڑی نے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ یہ کھلاڑی ہندوستان کے سابق کرکٹ لیجنڈس راہل دراوڑ اور سچن تندولکر کے ناموں کا مرکب ہے۔ ہم بات کر رہے ہیں رچن رویندر کی۔ دراصل رچن رویندر کے والد راہل اور سچن کے بہت بڑے شیدائی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب ان کے گھر بیٹا پیدا ہوا تو اس کا نام راہل اور سچن کا مرکب یعنی ’رچن‘ رکھا گیا۔ آج اس رچن نے عالمی کپ کے اپنے پہلے ہی میچ میں تیز طرار سنچری بنا کر اپنے ملک اور والدین کا نام تو روشن کیا ہی، راہل دراوڑ اور سچن تندولکر کو بھی اپنا سلام پیش کیا۔

رچن رویندر نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کھلاڑی ہیں جنھوں نے پہلے 10 اوور کی گیندبازی کی اور پھر بلے بازی میں اپنا بھرپور دَم خم دکھا کر بتا دیا کہ وہ ہندوستان کی زمین پر اپنے پسندیدہ کھلاڑی سچن تندولکر جیسا انداز اختیار کریں گے۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ سچن تندولکر بھی اسپن گیندبازی کیا کرتے تھے اور ان کے نقش قدم پر ہی رچن بھی چل رہے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف اپنے 10 اوورس میں رچن نے بھلے ہی 76 رن خرچ کر دیے، لیکن خطرناک نظر آ رہے ہیری بروکس کا وکٹ بھی لیا۔


نیوزی لینڈ کا پہلا وکٹ جب وِل ینگ کی شکل میں محض 10 رن پر گر گیا تھا تو رچن بلے بازی کے لیے میدان پر اترے۔ پھر تو انھوں نے ایسا کھیل دکھایا کہ کمنٹری کر رہے روی شاستری بھی حیران رہ گئے۔ رچن نے مارک ووڈ جیسے طوفانی رفتار والے گیندباز کی بھی دھنائی کی اور معین علی جیسے تجربہ کار اسپن گیندباز کی بھی۔ پہلے تو انھوں نے 36 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی، اور پھر محض 82 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے عالمی کپ کے اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔

واضح رہے کہ رچن رویندر نے اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا کہ ان کا نام راہل دراوڑ اور سچن تندولکر کے ناموں کا مرکب ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب انھیں ہوش آیا اور جب بڑے ہو کر کرکٹ کی سمجھ ہوئی تو ہندوستان کے دو عظیم کھلاڑیوں کے نام پر اپنا نام ہونے کی بہت خوشی ہوئی۔ رچن نے یہ بھی بتایا کہ سچن تندولکر ان کے سب سے پسندیدہ کرکٹ کھلاڑی ہیں، ان کے کھیلنے کے انداز کے وہ دیوانے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔