ٹی-20 عالمی کپ 2026 کے لیے اب تک 15 ٹیمیں کوالیفائی، 5 مزید ٹیموں کا فیصلہ ہونا باقی
جہاں ایک طرف یوروپین کوالیفائر میں نیدرلینڈ اور اٹلی نے ’آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ کے لیے کوالیفائی کیا ہے، وہیں امریکاس کوالیفائر میں کناڈا نے بہاماس کو شکست دے کر کوالیفکیشن حاصل کی۔

’آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ کا انتظار کرکٹ شیدائی بے صبری سے کر رہے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ ہندوستان اور سری لنکا میں فروری 2026 میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں سے 15 ٹیموں نے کوالیفکیشن حاصل کر لی ہے۔ گزشتہ روز ہی آئی سی سی مینس ٹی-20 عالمی کپ یوروپ کوالیفائر 2025 میں نیدرلینڈ اور اٹلی نے دھماکہ دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ-2 کے ساتھ ختم کیا، اور ’ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ کے لیے اپنی جگہ پختہ کر لی۔
جہاں ایک طرف یوروپین کوالیفائر میں نیدرلینڈ اور اٹلی نے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے کوالیفکیشن حاصل کی ہے، وہیں امریکاس کوالیفائر میں کناڈا نے بہاماس کو شکست دے کر عالمی کپ میں جگہ بنا لی۔ کناڈا نے امریکاس ریجنل فائنل کے سبھی 5 میچ جیتے، اور اس ٹیم کا ہندوستان میں اب دوسرا عالمی کپ ہوگا۔ اس سے قبل کناڈا نے 2011 یک روزہ عالمی کپ میں بھی کوالیفائی کیا تھا، جو ہندوستان کے ساتھ ساتھ سری لنکا اور بنگلہ دیش میں کھیلا گیا تھا۔
جہاں تک اٹلی کی کرکٹ ٹیم کا سوال ہے، وہ پہلی مرتبہ ٹی-20 عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ نیدرلینڈ کے کھلاڑیوں کی بھی کارکردگی بہترین رہی اور انھوں نے پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ میں اپنی جگہ پختہ کی۔ ان 3 ٹیموں کے علاوہ ہندوستان اور سری لنکا بطور میزبان 2026 کے ’ٹی-20 عالمی کپ‘ کا حصہ ہے۔ دیگر ٹیموں کی بات کریں تو آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، افغانستان، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور امریکہ اس ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ پختہ کر چکی ہیں۔ ٹی-20 رینکنگ کی بنیاد پر آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور پاکستان نے بھی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
5 ٹیموں کے لیے ’ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ میں کوالیفکیشن کا دروازہ ابھی کھلا ہوا ہے۔ افریقہ کوالیفائر سے 2 ٹیمیں اپنی جگہ پختہ کریں گی۔ یہ ٹورنامنٹ نامیبیا، یوگانڈا، کینیا، زمبابوے، نائیجیریا، طنزانیہ، مالوائی اور بوتساوانا کے درمیان ہوگا۔ علاوہ ازیں ایشیائی-ای اے پی کوالیفائر سے 3 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ یہ ٹورنامنٹ یکم اکتوبر سے 17 اکتوبر تک نیپال، عمان، پاپوا نیوگنی، کویت، ملیشیا، جاپان، قطر، سموہا اور یو اے ای کے درمیان ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔