کرکٹ ریکارڈس کے بادشاہ سچن تندولکر کے وہ 10 ریکارڈس جس نے بنایا انھیں ’بھگوان‘... یوم پیدائش پر خاص

سچن کے نام ٹیسٹ اور یک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ بین الاقوامی سنچری بنانے کا ریکارڈ ہے۔ ٹیسٹ میں ان کے نام 51 سنچری اور یک روزہ میں 49 سنچری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سچن رمیش تندولکر نے کرکٹ کے کئی ریکارڈ توڑے اور کئی ایسے ریکارڈ قائم کیے جو موجودہ دور کے تیز طرار کرکٹر بھی توڑنے سے قاصر نظر آتے ہیں۔ آج (24 اپریل) کرکٹ کے بھگوان کہے جانے والے سچن تندولکر کا یوم پیدائش ہے۔ وہ اپنا 47واں یوم پیدائش منا رہے ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ پوری کرکٹ دنیا بھی لاک ڈاؤن کے ماحول میں گھر بیٹھ کر جشن منا رہی ہے۔ ہم یہاں 'قومی آواز' کے قارئین کے لیے پیش کر رہے ہیں 1973 میں ممبئی میں پیدا ہوئے سچن تندولکر کے وہ 10 اہم ریکارڈس جنھوں نے سچن کو 'بھگوان' کا درجہ عطا کر دیا۔

  1. ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کے نام بین الاقوامی یک روزہ کرکٹ میں 18 ہزار 426 رن اور ٹیسٹ میں 15 ہزار 921 رن ہیں۔ وہ دونوں فارمٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ ان کے نام کل 34 ہزار 347 بین الاقوامی رن ہیں۔
  2. سچن کے نام ٹیسٹ اور یک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ بین الاقوامی سنچری بنانے کا ریکارڈ ہے۔ ٹیسٹ میں ان کے نام 51 سنچری اور یک روزہ میں 49 سنچری ہے۔ گویا کہ وہ 100 بین الاقوامی سنچری بنا چکے ہیں اور یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں۔
  3. سچن 200 بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بھی دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں۔ فہرست میں سچن پہلے نمبر پر ہیں اور اسٹیو وا دوسرے نمبر پر ہیں جنھوں نے 168 میچ کھیلے۔ صرف ٹیسٹ ہی نہیں بلکہ ان کے نام دنیا میں سب سے زیادہ بین الاقوامی یک روزہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ بھی ہے۔ سچن تندولکر نے کل 463 یک روزہ میچ کھیلے ہیں۔ ان کے بعد سنتھ جے سوریہ کا نمبر آتا ہے جنھوں نے 445 یک روزہ میچ کھیلے۔
  4. سچن تندولکر ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار یا اس سے زیادہ رن بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز ہیں، جب کہ یک روزہ کرکٹ میں 10 ہزار بنانے والے بھی دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں۔
  5. ماسٹر بلاسٹر ٹیسٹ کھیلنے والے سبھی ممالک کے خلاف سنچری بنانے والے دنیا کے تیسرے اور ہندوستان کے پہلے کھلاڑی ہیں، ان سے پہلے اسٹیو وا اور گیری کرسٹن نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
  6. سچن تندولکر کے نام بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 76 بار مین آف دی میچ ایوارڈ جیتنے کا ریکاڈ ہے۔ وہ ٹیسٹ میں 14 اور یک روزہ کرکٹ میں 62 بار مین آف دی میچ قرار دیے گئے۔
  7. یک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے وہ دنیا کے پہلے بلے باز ہیں۔ انھوں نے 24 فروری 2010 کو گوالیر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناٹ آؤٹ 200 رن بنائے تھے۔ اپنی اس اننگ میں انھوں نے 25 چوکے اور 3 چھکے لگائے تھے۔
  8. سچن تندولکر کے نام مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 6 عالمی کپ کھیلنے کا ریکارڈ ہ۔ پاکستانی بلے باز میاں داد نے بھی پاکستان کی جانب سے 6 عالمی کپ کھیلے ہیں۔ سچن کے نام عالمی کپ میں سب سے زیادہ 2278 رن بنانے کا بھی ریکارڈ ہے۔ انھوں نے یہ کمال 1992 سے لے کر 2011 عالمی کپ کے دوران کیا۔
  9. سچن تندولکر کے نام عالمی کپ میں سب سے زیادہ 6 سنچری لگانے کا ریکارڈ ہے۔ حالانکہ گزشتہ عالمی کپ میں روہت شرما نے ان کی برابری کر لی تھی۔ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کے بعد عالمی کپ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بھی سچن ہیں۔ سچن نے عالمی کپ میں 45 میچ کھیلے ہیں جب کہ پونٹنگ نے 46 میچ کھیلے۔
  10. سچن تندولکر کے نام کسی ایک عالمی کپ میں سب سے زیادہ 673 رن بنانے کا ریکارڈ ہے۔ انھوں نے 2003 میں ایسا کیا تھا اور وہ مین آف دی سیریز رہے تھے۔ حالانکہ گزشتہ سال عالمی کپ میں روہت شرما ان کے اس ریکارڈ کو توڑنے کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔