یس بینک کے ڈائریکٹر رانا کپور کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد

عدالت نے یس بینک کے ڈائریکٹر کی عبوری ضمانت کی درخواست کو جمعہ کے روز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں کلیدی ملزم ہے جس نےہزاروں کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے جرم میں فعال کردار ادا کیا ہے

تصویر Getty Images
تصویر Getty Images
user

یو این آئی

ممبئی: سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے یس بینک کے ڈائریکٹر رانا کپور کی عبوری ضمانت کی درخواست کو جمعہ کے روز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں کلیدی ملزم ہے جس نےہزاروں کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے جرم میں فعال کردار ادا کیا ہے ۔ گرفتاری سے قبل ضمانت کی درخواست کو سی بی آئی کے خصوصی جج ایس یو واڈگاؤنکرنے مسترد کر دیا۔

کپور کی طرف سے پیش ہونے والے وکلاء اباد پونڈا اور سبھاش جادھو نے دلیل دی کہ جب درخواست دائر کی گئی تھی ، اس معاملے میں تفتیش جاری تھی اور بعد میں جب یہ زیر التواء ہے تو مرکزی ایجنسی نے چارج شیٹ دائر کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بار جب چارج شیٹ دائر ہوجائے تو ایجنسی پولیس تحویل حاصل کرنے کی حقدار نہیں ہے۔


سی بی آئی کے لئے پیش ہوئے ، خصوصی سرکاری وکیل اشوک باگوریا نے دلیل دی کہ اس معاملے کے حقائق پر غور کرتے ہوئے کہ یہ ایک سنگین معاشی جرم ہے ، کپور قبل از گرفتاری ضمانت کا حقدار نہیں ہے۔قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خصوصی عدالت نے کہا کہ پیشگی ضمانت کی منظوری میں بنیادی چیز جرم کی نوعیت دیکھی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس میں یہ ظاہر ہے کہ راناکپور کروڑوں روپے کی دھوکہ دھڑی کے سنگین جرم میں ایک کلیدی ملزم ہے ۔رانا کپور اس وقت 3700 کروڑ روپے کے یس بینک دھوکہ دھڑی معاملے میں ان کے خلاف جاری انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کیس کے سلسلے میں جیل میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔