مرکزی حکومت نے 432796 کمپنیوں کو رجسٹرڈ کمپنیوں کی فہرست سے باہر کیا

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے کہا کہ خصوصی مہموں کے تحت سال 22-2021 تک 4 لاکھ 32 ہزار 796 کمپنیوں کے نام رجسٹرڈ کمپنیوں کی فہرست سے ہٹائے گئے ہیں۔

نرملا سیتارمن، تصویر یو این آئی
نرملا سیتارمن، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

مرکزی حکومت نے لاکھوں کمپنیوں کو رجسٹرڈ کمپنیوں کی فہرست سے نکال باہر کیا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ غیر فعال فرموں کی شناخت کے لیے شروع کی گئی خصوصی مہم کے تحت 22-2021 تک 4 لاکھ 32 ہزار 796 کمپنیوں کے نام رجسٹرڈ کمپنیوں کی فہرست سے ہٹا دیے گئے ہیں۔

مرکزی وزیر مالیات نے ایک سوال کے تحریری جواب میں راجیہ سبھا میں کہا کہ کمپنی قانون کی دفعہ 248 کے تحت غیر فعال کمپنیوں کی شناخت کرنے اور ان کا نام کمپنی رجسٹریشن کی فہرست سے ہٹانے کے لیے خصوصی مہم شروع کی ہے۔ ان خصوصی مہموں کے تحت سال 22-2021 تک 4 لاکھ 32 ہزار 796 کمپنیوں کے نام فہرست سے ہٹائے گئے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ صرف 22-2021 کے دوران مجموعی طور پر 49 ہزار 921 غیر فعال کمپنیوں کے نام فہرست سے باہر کیے گئے ہیں۔


نرملا سیتارمن نے وضاحت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی قانون 2013 میں شیل کمپنی کی کوئی تعریف نہیں دی گئی ہے۔ شیل کمپنی کا مطلب سرگرم کاروبار نہیں چلانے والی اور اہم ملکیتیں نہیں رکھنے والی کمپنی سے ہے۔ یہ ملکیتیں کچھ معاملوں میں غیر قانونی عمل مثلاً ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ، مالکانہ حق کی غیر واضح تصویر، بے نامی اثاثہ رکھنے وغیرہ کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔