تیستا سیتلواڑ اور سابق ڈی جی پی شری کمار کی ضمانت عرضی پر فیصلہ ملتوی

احمد آباد کی ایک عدالت نے ملزم تیستا سیتلواڑ اور سابق ڈی جی پی آر بی شری کمار کی ضمانت عرضی پر حکم 28 جولائی تک ملتوی کر دیا ہے۔

تیستا سیتلواڑ، تصویر آئی اے این ایس
تیستا سیتلواڑ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد کی ایک عدالت نے 2002 فسادات کے معاملوں میں بے قصور لوگوں کو پھنسانے کے لیے دستاویز بنانے کی ملزم تیستا سیتلواڑ اور سابق ڈی جی پی آر بی شری کمار کی ضمانت عرضی پر حکم 28 جولائی تک ملتوی کر دیا ہے۔ سماجی کارکن تیستا سیتلواڑ نے احمد آباد کے سیشن کورٹ میں اپنی ضمانت کے لیے عرضی دی تھی۔ سیتلواڑ اور شری کمار نے خود پر لگائے گئے الزامات سے انکار کیا ہے۔ تیستا اور شری کمار کے علاوہ اس معاملے میں سابق آئی پی ایس افسر سنجیو بھٹ بھی ملزم ہیں۔

ایس آئی ٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ تینوں ہی ملزم گجرات کی سابق نریندر مودی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش تیار کر رہے تھے۔ الزام ہے کہ متاثرین کی مدد کے لیے دی جانے والی رقم کا غلط استعمال کیا گیا اور اس کا استعمال ریاست کو غیر مستحکم کرنے میں کیا گیا۔ الزام یہ بھی لگایا گیا ہے کہ یہ سب کانگریس لیڈر احمد پٹیل کے اشاروں پر کیا جاتا تھا۔ حالانکہ کانگریس نے اس معاملے میں احمد پٹیل کا نام لیے جانے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔


بہرحال، احمد آباد سیشن کورٹ میں تیستا سیتلواڑ کے ذریعہ داخل ضمانت عرضی کی اسپیشل پبلک پرازیکیوٹر متیش امین نے مخالفت کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ تیستا بے قصوروں کو پھنسانے کے لیے سازش کر رہی تھیں۔ متیش نے یہ بھی کہا کہ متاثرین کو جو رقم ملنی تھی، وہ کبھی نہیں ملی اور اس کا استعمال ملزمین نے اپنی سازش میں کر لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔