روپیہ ہر روز گرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر رہا ہے، خاموش کیوں ہیں مودی؟ کانگریس کا سوال

کانگریس ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے روپیہ کو تاریخی طور پر کمزور کر دیا ہے۔ گزشتہ 12 مہینوں کے دوران روپیہ میں سب سے زیادہ گراوٹ درج کی گئی۔

کانگریس ترجمان سرپیہ شرینیت / تصویر ویڈیو گریب
کانگریس ترجمان سرپیہ شرینیت / تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: انڈین نیشنل کانگریس نے ڈالر کے مقابلہ ہندوستانی کرنسی کی لگاتار گراوٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی ترجمان سپریہ شرینیت نے کہا کہ مودی حکومت نے روپیہ کو تاریخی طور پر کمزور کر دیا ہے اور اسے ایک ڈالر کے مقابلہ 82 کی سطح سے نیچے گرانے پر آمادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپیہ میں گزشتہ 12 مہینے کے دوران سب سے زیادہ 12 فیصد گراوٹ درج کی گئی اور مودی حکومت کی مدت کار میں روپیہ 24 روپے یعنی 43.54 فیصد گر چکا ہے۔

سپریہ شرینیت نے کہا کہ ملک کی غیر ملکی کرنسی کے ذخیرہ میں ایک مہینے میں 26 بلین ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے اور ایک سال کے دوران یہ 642 بلین سے گر کر 545.5 بلین ڈالر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپیہ کے لگاتار گرنے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوا ہے اور لون کی قسطیں بھی بڑھ گئی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ 4 جون 2013 میں روپیہ 15 فیصد گر کر ایک ڈالر کے مقابلہ 58 سے 69 پر پہنچ گیا تھا لیکن اس وقت کی یو پی اے حکومت 4 مہینے کے اندر ہی روپیہ کو مضبوط کر کے 58 روپے فی ڈلر کی سطح پر لے آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ روپیہ ایک ڈالر کے مقابلہ 82 کی سطح تک گرنے کے لئے تیار ہے۔

مودی حکومت پر سخت حملہ بولتے ہوئے سپریہ شرینیت نے کہا ’’اب ایک امریکی ڈالر کے عوض 81.47 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ لگ رہا ہے مودی جی پٹرول کی طرح روپے کی بھی سنچری لگوانے کے لئے بے تاب ہیں۔ مودی جی کے رحم و کرم سے روپیہ لگاتار کمزور ہو رہا ہے اور جو گرتی ہوئی ساکھ کی بات کرتے تھے، نہ جانے کس گڑھے میں غوطہ کھا رہی آبرو کو اب ڈھوند نہیں پا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مودی جی سے ایک ہی گزارش ہے کہ روپیہ کو سنچری بنانے سے روک لیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */