مرکزی بجٹ 2026-27 کی تیاریوں کا آخری مرحلہ، نارتھ بلاک میں روایتی حلوہ تقریب کا انعقاد
مرکزی بجٹ 2026-27 کی تیاری آخری مرحلے میں داخل، نارتھ بلاک میں حلوہ تقریب منعقد، وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن موجود، بجٹ یکم فروری 2026 کو پارلیمنٹ میں پیش ہوگا

نئی دہلی: مرکزی بجٹ 2026-27 کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں قومی راجدھانی دہلی کے نارتھ بلاک میں واقع بجٹ پریس میں روایتی حلوہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جو بجٹ سازی کے عمل میں ایک علامتی اور اہم روایت سمجھی جاتی ہے۔ اس تقریب میں مرکزی وزیرِ خزانہ و کارپوریٹ امور نرملا سیتارمن اور وزیرِ مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری موجود رہے۔
حلوہ تقریب دراصل اس مرحلے کی نمائندگی کرتی ہے جب بجٹ کی تیاری سے وابستہ افسران اور عملہ باضابطہ طور پر ’لاک اِن‘ ہو جاتا ہے۔ اس دوران بجٹ سے متعلق حساس معلومات کے تحفظ کے لیے افسران کو بیرونی دنیا سے مکمل طور پر الگ رکھا جاتا ہے اور بجٹ پیش ہونے تک ان کا رابطہ محدود رہتا ہے۔ یہ روایت برسوں سے جاری ہے اور بجٹ کی رازداری برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
تقریب کے موقع پر وزارتِ خزانہ کے تمام محکموں کے سکریٹریز اور بجٹ کی تیاری میں شامل سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیرِ خزانہ نے نہ صرف حلوہ تقسیم کیا بلکہ بجٹ پریس کا دورہ کر کے وہاں جاری انتظامات اور تکنیکی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے بجٹ ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے انہیں آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں سے بھی نوازا۔
مرکزی حکومت نے واضح کیا ہے کہ یونین بجٹ 2026-27 سے متعلق تمام اہم دستاویزات ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب کرائی جائیں گی۔ ان میں سالانہ مالیاتی بیان، مطالبات برائے گرانٹس اور فنانس بل جیسے بنیادی دستاویزات شامل ہوں گے، تاکہ شفافیت اور عوامی رسائی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
یہ تمام معلومات ’یونین بجٹ موبائل ایپ‘ پر دستیاب ہوں گی، جو اردو کے ساتھ ساتھ دیگر زبانوں میں بھی سہولت فراہم کرتی ہے اور اینڈرائیڈ و آئی او ایس دونوں پلیٹ فارم پر ڈاؤن لوڈ کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ یونین بجٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی بجٹ سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ حکومت کے مطابق، یکم فروری 2026 کو پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کیے جانے کے فوراً بعد یہ تمام دستاویزات عوام اور اراکینِ پارلیمنٹ کے لیے باضابطہ طور پر دستیاب ہو جائیں گی، جس سے بجٹ کی معلومات تک رسائی مزید آسان اور مؤثر ہو گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔