خام تیل کی قیمت 5 دن میں 6 فیصد بڑھی، پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

خام تیل کی قیمتیں گزشتہ 5 دنوں میں 6 فیصد بڑھ کر 3 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ اس صورتحال کے جاری رہنے پر ہندوستان میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے

علامتی تصویر
i
user

قومی آواز بیورو

مشرقی وسطی میں جاری بدامنی کا اثر اب دنیا کے تمام مالک پر ظاہر ہونے لگا ہے۔ آئندہ کچھ دنوں میں ہندوستان پر بھی اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔ دراصل روس اور ایران پر یورپی یونین کی پابندیوں کی وجہ سے خام تیل کی سپلائی لائن اب کمزور پڑنے لگی ہے۔ جس کی وجہ سے بین الاقوامی بازار میں تیل کی کمی ہو سکتی ہے۔ مذکورہ بالا خدشات کے پیش نظر ہی گزشتہ 5 روز میں خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ 3 ہفتوں کی اعلیٰ سطح پر ہے۔ اگر یہی صرت حال آئندہ کچھ دنوں تک برقرار رہی اور بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں کمی نہیں آئی تو ہندوستان میں بھی پٹرول-ڈیزل مہنگے ہو سکتے ہیں۔ جس کی وجہ سے عوام کو ایک بار پھر مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکی شرح سود میں تخفیف بھی خام تیل کی قیمت میں اضافے کی ایک وجہ ہے۔ یو ایس فیڈرل ریزرو کی جانب سے عالمی ایندھن کے طور پر خام تیل کی مانگ کو مسلسل فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس وجہ سے برینٹ فیوچر 1.08 ڈالر یا 1.5 فیصد بڑھ کر 74.49 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ 1.27 ڈالر یا 1.8 فیصد بڑھ کر 71.29 ڈالر پر پہنچ گیا۔ یہ گزشتہ 3 ہفتوں میں خام تیل کی سب سے زیادہ قیمت تھی۔ ساتھ ہی ڈبلیو ٹی آئی نے پیر سے جمعہ کی مدت میں یعنی پانچ دنوں میں خام تیل میں 6 فیصد کا اضافہ درج کیا ہے۔ یہ پچھلے جمعہ کو 7 نومبر کے بعد اپنے سب سے اعلیٰ سطح پر بند ہوا تھا۔ ہندوستانی بازار میں ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر برینٹ فیوچر 1.1 فیصد بڑھ کر 6،044 روپے فی بیرل پر بند ہوا ہے۔


بازار کے ماہرین کا خیال ہے کہ خام تیل کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ چین کی اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے درآمد کنندہ یعنی چین سے خام تیل کی درآمد میں 7 ماہ میں پہلی بار نومبر میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ خام تیل کی قیمت میں اضافے کی صورت حال 2025 کے آغاز تک اعلیٰ سطح پر برقرار رہے گی۔ یورپی یونین نے بھی روس کے خلاف کئی قسم کی پابندیاں عائد کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ امریکہ بھی ایسے کئی اقدامات پر غور کر رہا ہے۔ ان تمام تر وجوہات کی بنیاد پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ بین الاقوامی بازار میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔