ایماندار ٹیکس دہندہ جب آگے بڑھتا ہے تبھی ملک ترقی کرتا ہے: وزیر اعظم مودی

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا ایماندار ٹیکس پیئر ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کرتا ہے، جب ملک کے ایماندار ٹیکس پیئر کی زندگی آسان بنتی ہے، وہ آگے بڑھتا ہے، تو ملک کی بھی ترقی ہوتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے جمعرات کو کہا کہ ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والوں کا ملک کی تعمیر میں اہم رول ہے اور جب ایماندار ٹیکس پیئر کی زندگی آسان بنتی ہے اور وہ آگے بڑھتا ہے تبھی ملک ترقی کرتا ہے اور آگے بھی بڑھتا ہے۔

مودی نے 21ویں صدی کے نئے ٹیکس نظام کا ’شفاف ٹیکس ادائیگی- ایماندار کا احترام‘ پلیٹ فارم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چل رہی ڈھانچہ جاتی اصلاح کا سلسلہ آج ایک نئے پڑاؤ پر پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’ایک دور تھا جب ہمارے یہاں اصلاحات کی بہت باتیں ہوتی تھیں۔ کبھی مجبوری میں کچھ فیصلے کیے جاتے تھے، کبھی دباؤ میں کچھ فیصلے ہوجاتے تھے، تو انہیں اصلاح کہہ دیا جاتا تھا۔ اس وجہ سے امید کے مطابق نتیجہ نہیں ملتے تھے۔ اب یہ سوچ اور پہنچ دونوں بدل گئی ہیں۔‘‘


انہوں نے کہا کہ اب ٹیکس ادا کرنے والے کو مناسب، نرم اور عقلی سلوک کا بھروسہ دیا گیا ہے۔ یعنی انکم ٹیکس محکمے کو اب ٹیکس ادا کرنے والوں کا فخر وحساسیت کے ساتھ دھیان رکھنا ہوگا۔ اب ٹیکس ادا کرنے والے کی بات پر یقین کرنا ہوگا اور محکمہ اسے بغیر کسی بنیاد کے شک کی نظر سے نہیں دیکھ سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’’اب ملک میں ماحول بنتا جا رہا ہے کہ فرض کے جذبے کو سب سے اوپر رکھتے ہوئے ہی سارے کام کریں، سوال یہ ہے کہ تبدیلی آخر کیسے آرہی ہے؟ کیا یہ صرف سختی سے آئی ہے؟کیا یہ صرف سزا دینے سے آئی ہے؟ نہیں، بلکہ بالکل نہیں۔‘‘ آج ہر اصول قانون کو، ہر پالیسی کو عمل اور اختیار کے دائرے سے باہر نکال کر اسے عوامی طور پر مرکوز اور عوامی دوست بنانے پر زور دیا جارہا ہے۔ یہ نئے ہندوستان کے نئے گورنینس ماڈل کا تجربہ ہے اور اس کے اچھے نتیجے بھی ملک کو مل رہے ہیں۔‘‘


انہوں نے کہا کہ آج سے شروع ہو رہے نئے نظام، نئی سہولیات،’’ مینی مم گورنمنٹ، میکسیمم گورنینس‘‘ کے تئیں ہمارے عزم کو اور مضبوط کرتی ہے۔ یہ ملک کے عوام کی زندگی سے حکومت کے دخل کو کم کرنے کی سمت میں بھی ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ملک میں ٹیکس پیئر چارٹر نافذ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا، ’’ایماندار کی عزت، ملک کا ایماندار ٹیکس پیئر ملک کی تعمیر میں بہت بڑا رول ادا کرتا ہے۔ جب ملک کے ایماندار ٹیکس پیئر کی زندگی آسان بنتی ہے، وہ آگے بڑھتا ہے، تو ملک کی بھی ترقی ہوتی ہے، ملک بھی آگے بڑھتا ہے۔‘‘

مودی نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں میں ہمارا مقصد غیر بینکنگ کو بینکنگ، غیر محفوظ کو محفوظ اور پیسہ نہ ملنے والے کو پیسہ مہیا کرانا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک طرح سے ایک نیا سفر شروع ہو رہا ہے۔ مودی نے لوگوں سے ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو ٹیکس دینے میں اہل ہیں، لیکن ابھی ٹیکس کے دائرے میں نہیں ہیں، وہ اپنی خواہش سے آگے آئیں، یہ میری اپیل ہے اور امید بھی۔ آئیے، یقین کے، حقوق کے، فرائض کے پلیٹ فارم کے جذبے کا احترام کرتے ہوئے نئے ہندوستان، خودمختاری کے عزم کو پورا کریں۔‘‘


وزیراعظم نے اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’’ہمارے لئے اصلاح کا مطلب ہے، بہتر پالیسی پر مبنی ہو، ٹکڑوں میں نہ ہو، مکمل ہو اور ایک اصلاح دوسری اصلاح کی بنیاد بنے، نئی اصلاح کا راستہ بنائے اور ایسا بھی نہیں ہے کہ ایک بار اصلاح کرکے رک گئے۔ یہ مسلسل چلنے والا عمل ہے۔‘‘ مودی نے کہا کہ ان ساری کوششوں کے درمیان گزشتہ چھ سات سال میں انکم ٹیکس ریٹرن بھرنے والوں کی تعداد میں قریب ڈھائی کروڑ کا اضافہ ہوا ہے، لیکن یہ بھی صحیح ہے کہ 130 کروڑ کے ملک میں یہ اب بھی بہت کم ہے۔ اتنے بڑے ملک میں صرف ڈیڑھ کروڑ ہی انکم ٹیکس جمع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن اسکروٹنی کا چار گنا کم ہونا، اپنے آپ میں بتارہا ہے کہ تبدیلی کتنی وسیع ہے۔ گزشتہ چھ برسوں میں ہندوستان نے ٹیکس نظام میں گورنینس کا ایک نیا ماڈل تیار ہوتے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 13-2012 میں جتنے انکم ٹیکس ریٹرنس ہوتے تھے، اس میں سے 0.94 فیصد کی اسکروٹنی ہوتی تھی۔ سال 19-2018 میں یہ اعدادو شمار گھٹ کر 0.26 فیصد پر آگئی ہے یعنی انکم ٹیکس ریٹرن معاملوں کی اسکروٹنی، قریب قریب چار گنا کم ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Aug 2020, 2:50 PM