حکومت مہاراشٹر کا پٹرول کے داموں میں 5 روپے اور ڈیزل کے داموں میں 3 روپے فی لیٹر تخفیف کا اعلان

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ حکومت مہاراشٹر پٹرول اور ڈیزل پر عائد ہونے والے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس میں تخفیف کرے گی، جس کے بعد پٹرول 5 روپے اور ڈیزل 3 روپے فی لیٹر سستا ہو جائے گا۔

پٹرول اور ڈیزل، تصویر آئی اے این ایس
پٹرول اور ڈیزل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ملک بھر میں کافی دنوں سے پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، تاہم حکومت مہاراشٹر نے پٹرول اور ڈیزل پر عائد ہونے والے ٹیکس میں تخفیف کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ریاست کے عوام کو تیل کے داموں میں کچھ راحت حاصل ہوگی۔

کچھ دنوں قبل وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے والے ایکناتھ شندے نے جمعرات کو اعلان کیا کہ حکومت مہاراشٹر پٹرول اور ڈیزل پر عائد ہونے والے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (ویٹ) کو کم کرے گی، جس کے بعد اب مہاراشٹر میں پٹرول کے داموں میں 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کے داموں میں 3 روپے فی لیٹر کی کمی واقع ہوگی۔


ویٹ میں کمی کے بعد مہاراشٹر میں پٹرول کی قیمت 111.35 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 106.35 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 97.28 سے کم ہو کر 94.28 روپے فی لیٹر رہ جائے گی۔ یہ فیصلہ مہاراشٹر کابینہ کے اجلاس کے بعد لیا گیا اور اس کا اعلان وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرا علیٰ دیویندر فڈنویس نے مشترکہ طور پر کیا۔

اس موقع پر ایکناتھ شندے نے کہا ’’مرکزی حکومت نے 4 مئی 2022 کو پٹرول اور ڈیزل پر عائد ہونے والی ایکسائز ڈیوٹی میں میں کمی کی تھی۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ اپنے ٹیکس میں تخفیف کریں۔ سابق حکومت نے داموں میں کمی نہیں کی لیکن ہماری حکومت نے اس کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کمی سے سرکاری تجوری پر 6 ہزار کروڑ روپے کا بوجھ ضرور پڑے گا لیکن ریاست میں مہنگائی بھی کم ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔