راہل گاندھی کا پی ایم مودی سے سوال، ’ہاؤڈی اکنامی‘ معیشت کا کیا حال ہے؟

ملک کی معاشی حالت کو لے کر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے پی ایم مودی سے معیشت کے موجودہ حالات کے بارے میں سوال کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کی معیشت کا زوال لگاتار جاری ہے اور کئی ایسے اعداد و شمار سامنے آ چکے ہیں جو یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ اگر جلد کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا تو حالات ابتر ہو جائیں گے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس سلسلے میں مودی حکومت سے سوال کیا ہے اور پوچھا ہے کہ وہ ملک کی معاشی حالت کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں پوچھا ہے کہ ’’محترم مودی جی، ’ہاؤڈی اکونومی‘ (معیشت کا کیا حال ہے)؟‘‘ اسی ٹوئٹ میں وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’لگتا نہیں کہ یہ (معیشت) بہت اچھے حال میں ہے۔‘‘


دراصل مودی آئندہ ہفتہ امریکہ کے ہیوسٹن کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں ایک تقریب کا انعقاد ہوگا۔ اس تقریب کا نام ’ہاؤڈی مودی‘ رکھا گیا ہے۔ یہی سبب ہے کہ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں ’ہاؤڈی‘ لفظ کا استعمال کیا ہے۔ اس طرح انھوں نے پی ایم مودی پر طنز کا تیر بھی چلایا ہے اور معیشت کے برے حال پر انھیں سوچنے کے لیے مجبور بھی کیا ہے۔

دوسری طرف کانگریس کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی ہندوستان کی بگڑتی معیشت کو لے کر مودی حکومت سے سوال کیا گیا ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ ہماری معیشت انتہائی بحرانی صورت میں ہے۔ اس کے باوجود حکومت نتیجہ خیز قدم کیوں نہیں اٹھا رہی ہے۔ کانگریس نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’جب لوگ بنیادی اور ضروری چیزیں نہیں خرید رہے ہیں، جب سیکٹر در سیکٹر مندی کی مار جھیلنے کے لیے مجبور ہیں، تو آپ جانتے ہیں کہ ہماری معیشت سنگین بحران میں ہے۔ ہندوستان کو اس مشکل سے باہر نکالنے کے لیے حکومت نتیجہ خیز قدم کیوں نہیں اٹھا رہی ہے؟‘‘


Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔