رواں سال دوگنی دھوکہ دہی! بینکوں کو لگی 18 کھرب سے زیادہ کی چپت: آر بی آئی رپورٹ

گزشتہ روز منگل کو جاری ریزرو بینک آف انڈیا کی سالانہ رپورٹ میں دکھایا گیا ہے کہ ان میں سے بیشتر معاملات میں بینکوں کے ذریعہ دیئے گئے قرضوں میں فراڈ ہوا ہے۔

ریزرو بینک آف انڈیا کی فائل تصویر
ریزرو بینک آف انڈیا کی فائل تصویر
user

عمران

ریزرو بینک آف انڈیا کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیرو مودی، میہل چوکسی اور وجے مالیا کے بینکوں کے ساتھ کیے گئے گھوٹالوں کے بعد بھی بینکوں کے ساتھ فراڈ ہو رہا ہے، بلکہ اس دھوکہ دہی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ 'لائیو مِنٹ' کی رپورٹ کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 2020 میں بینک فراڈ کی رقم دوگنی ہو گئی ہے۔

رواں مالی سال 1.85 ٹریلین یا تقریباً 18 کھرب 50 ارب روپے کی دھوکہ دہی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دھوکہ دہی کی رقم تو ضرور دوگنی ہوئی ہے تاہم معاملات میں بھی 28 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح کی رپورٹ کا اُس حکومت کے دور میں منظر عام پر آنا حیران کن ہے جو ’نہ کھاؤں گا نہ کھانے دوں گا‘ کا نعرہ لگاتی ہے۔


رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ یہ دھوکہ دہی کب ہوئی ہے، لیکن ریزرو بینک آف انڈیا نے دھوکہ دہی کو اسی سال میں ظاہر کیا ہے، جس میں اس بات کا انکشاف ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر کسی فرد نے جعلسازی سے پانچ سال قبل کسی بینک سے قرض لیا تھا لیکن 2020 میں اس فراڈ کا پتہ چلتا ہے، تو اسے 2020 کے مالی سال میں شمار کیا جاتا ہے۔

کاروباری مالیا، نیرو مودی اور میہل چوکسی کے یکے بعد دیگرے بینک گھوٹالہ کے واقعات سے ایک مرتبہ ہندوستان میں ہلچل پیدا ہو گئی تھی۔ یہ سبھی کاروباری ہندوستان سے فرار ہو چکے ہیں اور انہیں حکومت ہند کی جانب سے بھگوڑا قرار دیا جا چکا ہے۔ ان بڑے ہائی پروفائل کیسز کے بعد ایسا لگتا تھا کہ اب بینک فراڈ کی اطلاعات کم ہو جائیں گی، لیکن ایسا نہیں ہوا اور تازہ رپورٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے۔


گزشتہ روز منگل کو جاری کردہ ریزرو بینک آف انڈیا کی سالانہ رپورٹ میں دکھایا گیا ہے کہ ان میں سے بیشتر معاملات میں بینکوں کے ذریعہ دیئے گئے قرضوں میں فراڈ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گھوٹالہ 98 فیصد قرض کی شکل میں دی گئی رقم میں کیا گیا ہے اور یہ 1.82 ٹریلین روپے ہے۔ بینکوں کے دوسرے شعبوں میں بہت کم گھپلہ ہوا ہے۔

آر بی آئی کی رپورٹ میں یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ 2019-20 میں جتنے بھی دھوکہ دہی کے معاملہ منظر عام پر آئے ہیں اس کے لئے بڑے کاروباری ذمہ دار ہیں۔ دراصل سرفہرست 50 واقعات میں کل رقم کی 76 فیصد کی دھوکہ دہی انجام دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 1.85 ٹریلین کی دھوکہ دہی میں سے 80 فیصد عوامی بینکوں جبکہ 18 فیصد پرائیویٹ بینکوں کے ذریعے کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Aug 2020, 12:39 PM