نوٹ بندی: حزب اختلاف کا سڑکوں پر احتجاج، مودی حکومت اور بی جے پی خاموش!

نوٹ بندی کے تین سال مکمل ہونے پر کانگریس سمیت حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت پر حملہ آر ہیں، کانگریس سڑک پر احتجاج کررہی ہے، جبکہ مودی حکومت اور بی جے پی نے اس موقع پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے

تصویر قومی آواز / وپن
تصویر قومی آواز / وپن
user

قومی آوازبیورو

مودی حکومت کی جانب سے نوٹ بندی کے فیصلہ کو ملک کے عوام پر مسلط کرنے کو آج یعنی 8 نومبر کو پورے 3 سال ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر کانگریس سمیت حزب اختلاف کی جماعتیں مودی حکومت کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ جبکہ اس فیصلہ کو ہندوستانی معیشت کے لئے لازمی قرار دینے والی مودی حکومت خاموش ہے۔

نہ تو وزیر اعظم نریندر مودی اور نہ ہی بی جے پی صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے نوٹ بندی پر کوئی ٹویٹ کیا۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ نرملا سیتارامن کا بھی نوٹ بندی کے تین سال مکمل ہونے پر کوئی ٹویٹ نظر نہیں آ رہا ہے۔ یہاں تک کہ بی جے پی کے قائم مقام صدر جے پی نڈا نے بھی تاحال اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ مودی حکومت اور بی جے پی خاموش ہیں لیکن اس کو مودی حکومت کا تغلقی فرمان بتانے والی کانگریس کے علاوہ ٹی ایم سی، بی ایس پی، ایس پی اور دیگر جماعتیں حکومت پر حملہ بول رہی ہیں۔


کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ نوٹ بندی کے ’دہشت گرد حملے‘ نے ملکی معیشت کو برباد کر دیا۔ اس سے لاکھوں چھوٹے کاروبار تباہ ہوگئے اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ نوٹ بندی نے متعدد لوگوں کی جان بھی لے لی۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے حملے کے ذمہ داروں کو سزا دی جانی چاہئے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت نے نوٹ بندی کو ہر مرض کے لئے ایک مشروط دوا بتایا تھا لیکن جتنے بھی دعوے کئے تھے وہ سب ہوا ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی ایک آفت تھی جس نے معیشت کو تباہ کر دیا۔ اس تغلقی قدم کی ذمہ داری اب کون لے گا؟


مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی اسے ایک تباہی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’میں نے پہلے ہی دن کہا تھا کہ اس سے معیشت اور لوگوں کی زندگی تباہ ہو جائے گی۔ آج ماہرین بھی کے نقصان کا اعتراف کر رہے ہیں۔‘‘

دریں اثنا، بی ایس پی صدر مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے بغیر کسی تیاری کے جلدبازی اور غیر پختہ انداز میں جو نوٹ بندی نافذ کی اس کا اثر پچھلے 3 سالوں میں عوام کو مختلف شکلوں میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور خراب معاشی نظام اسی کی دین ہیں، صورتحال پر عوام کی پینی نظر ہے۔

ریزرو بینک کے سامنے یوتھ کانگریس کا زبردست احتجاج

ادھر، کانگریس کارکنوں نے قومی راجدھانی دہلی میں یوتھ کانگریس کے صدر شری نواس بی وی کی قیادت میں ریزرو بینک کے سامنے دھرنا اورمظاہرہ کیا اور کہا کہ مودی کا یہ ’دہشت گردانہ‘ فیصلہ تھا اوران کے اس ’تغلقی فرمان‘ سے ملک کو زبردست نقصان ہوا اور کئی لوگوں کی جانیں گئیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی کو کم سے کم ان لوگوں کے اہل خانہ سے معافی مانگنی چاہئے جنہوں نے اس فرمان کی وجہ اپنے لوگوں کو کھویا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کارکنان پورے ملک میں اس فیصلے کے خلاف مظاہرہ کررہے ہیں۔ یوتھ کانگریس کے کارکنان ریاستوں کی راجدھانیوں اور جن شہروں میں ریزرو بینک کی شاخیں ہیں وہاں بھی مظاہرہ کررہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Nov 2019, 3:11 PM