پہلگام حملہ سے وانی کپور کو ہوا بڑا نقصان، پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ بنی فلم ہندوستان میں نہیں ہوگی ریلیز
فلم ’ابیر گلال‘ کی ہدایت کاری آرتی ایس باگدی نے کی ہے۔ اس فلم کے ذریعہ کئی سالوں کے بعد فواد خان ہندوستانی فلموں میں واپسی کر رہے تھے، حالانکہ اب ہندوستان میں اس کی ریلیز پر پابندی لگ گئی ہے۔

فلم ’ابیر گلال‘ کا ایک منظر
جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ پاکستان سے جڑی ہر شئے کے خلاف لوگوں کی ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس غصے کا نقصان بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور کو بھی اٹھانا پڑا ہے۔ دراصل وانی کپور اور پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’ابیر گلال‘ ہندوستان میں ریلیز کے لیے بالکل تیار تھی، لیکن اب اس فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وزارت برائے اطلاعات و نشریات کے ذرائع نے ہندوستان میں ’ابیر گلال‘ کی ریلیز پر لگائی گئی روک سے متعلق جانکاری دی۔ اس فلم سے متعلق پہلے ہی تنازعہ چل رہا تھا، لیکن پہلگام حملہ نے اس فلم کی ریلیز سے متعلق امیدوں کو پوری طرح سے ختم کر دیا۔ یہ فلم 9 مئی 2025 کو ریلیز ہونے والی تھی اور کچھ لوگ بے صبری سے اس فلم کی ریلیز کا انتظار کر رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ فلم ’ابیر گلال‘ کی ہدایت کاری آرتی ایس باگدی نے کی ہے۔ اس فلم کے ذریعہ فواد خان کئی سالوں بعد ہندوستانی فلموں میں واپسی کر رہے تھے۔ وہ آخری بار 2016 میں آئی کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں نظر آئے تھے۔ تقریباً 9 سالوں کے وقفہ کے بعد وہ ’ابیر گلال‘ کے ساتھ ایک بار پھر ہندی فلم میں واپسی کر رہے تھے، لیکن اب ہندوستان میں اس کی ریلیز پر روک لگ گئی ہے۔ فلم میں فواد اور وانی کے علاوہ ردھی ڈوگرا، لیزا ہیڈن، سونی رازدان، فریدہ جلال، راہل ووہرا اور پرمیت سیٹھی جیسے کئی مشہور اداکاروں نے کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر نونرما سینا نے پہلے ہی اس فلم کی مخالفت زور و شور سے کی تھی۔ انھوں نے مہاراشٹر میں فلم نہیں ریلیز کرنے کی تنبیہ کی تھی، لیکن ان دھمکیوں کے باوجود فلمساز فلم سے متعلق تمام تقاریب کا انعقاد کر رہے تھے۔ اس فلم کی میوزک یو اے ای میں لانچ کی گئی تھی۔ اس کے گانے یوٹیوب پر خوب پسند کیے جا رہے تھے۔ پہلگام حملہ کے بعد نہ صرف اس فلم پر روک لگا دی گئی ہے، بلکہ یوٹیوب سے گانے کی ویڈیوز بھی ہٹا دی گئی ہیں۔ اب تک فلم کے دو نغمے ’انگریزی رنگ رسیا‘ اور ’خدایا عشق‘ ریلیز ہوئے تھے۔ دونوں ہی گانے اب ہندوستان میں یوٹیوب پر دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ اس بارے میں فلمساز کی طرف سے کوئی آفیشیل بیان سامنے نہیں آیا ہے، حالانکہ پروڈکشن ہاؤس ’اے ریچر لینس انٹرٹینمنٹ‘ کے یوٹیوب صفحہ پر ’خدایا عشق‘ گانے کا ٹیزر اور فلم کا اناؤنسمنٹ اب بھی دکھائی دے رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔