دی کیرالہ اسٹوری: تنازعہ کے درمیان فلم سے 32 ہزار لاپتہ خواتین کی تعداد بدلی گئی، نئے ٹیزر میں صرف 3 خواتین کا تذکرہ

فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ نے اس وقت ایک بڑا تنازعہ کھڑا کر دیا جب اس میں دعویٰ کیا گیا کہ 32000 خواتین نے آئی ایس میں شامل ہونے کے لیے ریاست چھوڑ دی۔

<div class="paragraphs"><p>دی کیرالہ اسٹوری، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

دی کیرالہ اسٹوری، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ریلیز کے لیے تیار فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو لے کر تنازعہ بڑھتا ہوا دیکھ کر فلمسازوں نے منگل کے روز یوٹیوب پر جاری تازہ ٹیزر میں فلم کے انٹرو کا مواد بدل دیا ہے۔ اب بدلے ہوئے انٹرو میں کہا گیا ہے کہ 3 خواتین کا ’برین واش‘ کرنے کے بعد مذہب تبدیل کیا گیا اور انھیں ہندوستان اور بیرون ممالک میں دہشت گردانہ مشن پر بھیجا گیا۔ اس سے قبل انٹرو میں کہا گیا تھا کہ تقریباً 32000 خواتین کیرالہ سے لاپتہ ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ 5 مئی کو ریلیز ہونے والی ادا شرما کی اداکاری سے سجی فلم نے اس وقت ایک بڑا تنازعہ پیدا کر دیا جب اس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ 32000 خواتین نے ریاست چھوڑ دی ہے۔ جیسے ہی فلم کا ٹیزر جاری کیا گیا، برسراقتدار سی پی آئی (ایم) کی قیادت والی بایاں محاذ اور یو ڈی ایف نے مطالبہ کیا کہ فلم کی اسکریننگ نہیں کی جانی چاہیے۔


کیرالہ میں حزب مخالف لیڈر وی ڈی ستیسن نے کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ ان کا رخ واضح ہے اور اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر وہ کسی کو بھی افواہ پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے اور اس سے مناسب طریقے سے نمٹا جائے گا، اور وہ پہلے ہی فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ فلم کی نمائش پر روک لگانے کے مطالبہ کو لے کر منگل کو کیرالہ ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کی گئی ہے۔

اس درمیان کچھ تنظیموں نے فلم میں کیے گئے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے نقد انعامات کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ مسلم یوتھ لیگ کی کیرالہ اسٹیٹ کمیٹی نے فلم میں لگائے گئے الزامات کو ثابت کرنے والے شخص کے لیے ایک کروڑ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے جواب میں ایک رائٹ وِنگ کارکن اور ہندو سیوا کیندر کے بانی پرتیش وشوناتھ نے بھی یہ ثابت کرنے کے لیے 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا کہ کیرالہ سے کوئی بھی آئی ایس میں شامل ہونے کے لیے سیریا نہیں گیا ہے۔


واضح رہے کہ ریلیز سے پہلے ہی تنازعات میں پھنس چکی فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی ہدایت کاری سدیپتو سین نے کی ہے۔ یہ کیرالہ میں کالج کی چار خاتون دوستوں کے سفر کا پتہ لگاتی ہے جو اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کا حصہ بن جاتی ہیں۔ فلم میں ادا شرما کے ساتھ یوگیتا بہانی، سدھی اِڈنانی اور سونیا بلانی بھی ہیں۔ اسے ویپل امرت لال شاہ نے پروڈیوس کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */