موت کی جھوٹی افواہ پھیلا کر مشکل میں پونم پانڈے! فلم ایسو سی ایشن نے پولیس سے کی ایف آئی آر درج کرنے کی گزارش

آل انڈیا سِنے ورکرس ایسو سیشن نے ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن میں پونم کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی گزارش کرتے ہوئے خط بھیجا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پونم پانڈے، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

پونم پانڈے، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ماڈل اور بالی ووڈ اداکارہ پونم پانڈے دو روز سے سرخیوں میں ہیں۔ کل ان کی موت کی خبر سامنے آئی تھی، اور آج ویڈیو شیئر کر خود پونم پانڈے نے انکشاف کیا کہ وہ زندہ ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ انھوں نے قصداً سروائیکل کینسر سے اپنی موت کی خبر پھیلائی تھی تاکہ لوگ سروائیکل کینسر کو لے کر بیدار ہو سکیں۔ لیکن اس افواہ کی وجہ سے اب وہ مشکلات میں پھنستی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پونم پانڈے کے خلاف قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ اس سلسلے میں پیش رفت بھی ہو چکی ہے۔ دراصل ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن میں پونم پانڈے کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی گزارش کرتے ہوئے خط بھیجا گیا ہے۔ یہ خط ’آل انڈیا سِنے ورکرس ایسو سی ایشن‘ کی طرف سے وِکرولی پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر کو لکھا گیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پونم کے خلاف قانونی کارروائی ہو۔


خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی طرف سے اس سلسلے میں ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا گیا ہے جس میں فلم ایسو سی ایشن کی طرف سے لکھے گئے خط کی کاپی دی گئی ہے۔ اس میں مطلع کیا گیا ہے کہ پونم پانڈے کے خلاف پولیس میں شکایت کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس خط میں پونم اور ان کی منیجر کے خلاف اس طرح سے موت کی جھوٹی خبر پھیلانے کو لے کر ایف آئی آر درج کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز پونم پانڈے کی ٹیم کی طرف سے سوشل میڈیا پر سروائیکل کینسر کے سبب ان کے انتقال کی جانکاری دی گئی تھی۔ پورے دن ان کی موت پر مختلف شخصیات نے غم کا اظہار کیا اور ساتھ ہی سروائیکل کینسر کے بارے میں خبریں بھی نیوز چینلز اور نیوز پورٹل پر چھائی رہیں۔ اگلے ہی دن، یعنی آج پونم پانڈے نے سچ سے پردہ اٹھاتے ہوئے سبھی سے معافی مانگی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ موت کی خبر سروائیکل کینسر کے خلاف ایک پی آر پالیسی کا حصہ تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔