اہل خانہ اور قریبی افراد کی موجودگی میں رشی کپور کی آخری رسومات ادا

رشی کپور کی آخری رسوم چندن واڑی برقی شمشان میں ادا ہوئیں، پولیس نے انہی افراد کو اندر جانے کی اجازت دی جن کے نام فہرست میں شامل تھے، نیتو سنگھ سیاہ لباس میں ملبوس تھیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: معروف اداکار رشی کپور کی آخری رسومات جنوبی ممبئی کے برقی شمشان میں آج سہ پہر تقریباً سوا چار بجے اہلیہ نیتوسنگھ، فرزند رنبیر کپور، بھائی رندھیر کپور، اداکار ابھیشیک بچن، عالیہ بھٹ، قرینہ کپور سمیت 20 افراد کی موجودگی میں اداکر دی گئیں، انہوں نے آج صبح پونے 9 بجے آخری سانس لی، انہیں چند روز قبل طبیعت ناساز ہونے کے بعد ہرکشن داس ریلائنس فاؤنڈیشن ریسرچ اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا۔

ہندی فلم انڈسٹری کو گزشتہ دو روز میں یہ دوسرا زبردست جھٹکا لگا ہے۔ امیتابھ بچن نے رشی کپور کے انتقال کی اندوہناک خبر اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی۔ اس خبر کے بعد بالی ووڈ میں ماتم کا ماحول چھا گیا۔ امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ”وہ چلا گیا! رشی کپور… گیا… ابھی انتقال کر گیا… میں پوری طرح بکھر گیا ہوں۔“


آج صبح ان کی موت کی تصدیق ان کے بڑے بھائی رندھیر کپور نے کی، اس سے قبل بدھ کے روز رندھیر کپور نے بتایا تھا کہ ’انھیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ سرطان کے مرض سے لڑ رہے تھے اور انھیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔ آج پولیس نے خاندان کے لوگوں سمیت 20 افراد کو آخری رسومات میں شریک ہونے کی اجازت دی تھی۔

اس موقع پر ان کی ہمشیرہ رما جین اور ارمان جین اور رشتہ داروں کے علاؤہ انتہائی قریبی افراد بھی شریک ہوئے۔ چندن واڑی برقی شمشان کے قریب پولیس کا سخت بندوبست نظر آیا اور ان ہی افراد کو اندر جانے کی اجازت دی گئی جن کے نام فہرست میں شامل تھے۔ نیتو سنگھ سیاہ لباس میں ملبوس تھیں۔ اس دوران ابھیشیک اور عالیہ بھٹ کافی سرگرم نظر آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔