مسلم سبزی فروش سے بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا ’دوبارہ دکھائی مت دینا‘، ویڈیو وائرل

وائرل ویڈیو میں مہوبا کے چرکھاری سے بی جے پی رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت اپنی کالونی سے ایک مسلم سبزی فروش کو بھگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ دوبارہ اس کالونی میں نظر نہ آئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا بحران کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خطرہ پہنچانے والے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جو نہ صرف کورونا کے خلاف لڑائی میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں بلکہ ہندو-مسلم بھائی چارے کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایک نیا ویڈیو بی جے پی رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت کا وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ایک مسلم سبزی فروش کو ڈانٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔


وائرل ویڈیو میں مہوبا کے چرکھاری سے بی جے پی رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت اپنی کالونی سے ایک مسلم سبزی فروش کو بھگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ دوبارہ اس کالونی میں نظر نہ آئے۔ ہندی نیوز پورٹل 'بھاسکر' پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق بی جے پی رکن اسمبلی اپنے لکھنؤ میں گومتی نگر واقع رہائش پر تھے جب انھوں نے ایک سبزی فروش کو گلی میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔

بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی نے سبزی فروش سے نام پوچھا تو اس نے راج کمار بتایا۔ اس پر رکن اسمبلی نے سبزی والے کو ڈانٹنا شروع کیا اور کہا کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے۔ برج بھوشن راجپوت نے اصل نام نہ بتانے پر پٹائی کی بھی دھمکی دی۔ سبزی فروش کے ساتھ اس کا ایک کم عمر بیٹا بھی موجود تھا، جب رکن اسمبلی نے لڑکے سے کہا کہ والد کا اصلی نام بتاؤ تو چھوڑ دیا جائے گا، تو ڈر کر لڑکے نے اپنے والد کا نام عزیز الرحمن بتایا۔ یہ سنتے ہی بی جے پی رکن اسمبلی آگ بگولہ ہو گئے اور سبزی والے کو محلے میں دوبارہ نظر نہ آنے کی دھمکی دیتے ہوئے اسے وہاں سے بھگا دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Apr 2020, 5:11 PM