کشمیر فلموں کی شوٹنگ کے لیے مناسب ترین جگہ: مدھر بھنڈارکر

فلم ’انڈیا لاک ڈاؤن‘ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مدھر بھنڈارکر نے کہا کہ ’’اس فلم میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ لاک ڈاؤن سے کس طرح مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ لوگ متاثر ہوئے۔‘‘

مدھر بھنڈارکر، تصویر آئی اے این ایس
مدھر بھنڈارکر، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: معروف ہدایت کار مدھر بھنڈارکر نے کشمیر کو اپنی پسندیدہ جگہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلموں کی شوٹنگ کے لئے مناسب ترین جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغ گل لالہ سے یہاں کے سیاحتی شعبے کو بڑھاوا ملے گا اور یہاں آج بھی سیاحوں کی کافی تعداد موجود ہے۔

موصوف نے یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 'کشمیر میری پسندیدہ جگہ ہے میں یہاں گزشتہ دس پندرہ برسوں سے آ رہا ہوں، صرف پچھلے سال کورونا کی وجہ سے نہ آ سکا'۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جگہ فلموں کی شوٹنگ کے لئے مناسب جگہ ہے اور سال 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں لگ بھگ ہر دوسری فلم یہیں بنتی تھی۔


موصوف نے باغ گل لالہ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ 'ٹیولپ گارڈن دیکھ کر بہت اچھا لگا اور خوش ہوا کہ ہمارے ملک میں اتنا اچھا اور بڑا ٹیولپ گارڈن ہے، اس سے یہاں کے سیاحتی شعبے کو بڑھاوا ملے گا'۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آج بھی کافی تعداد میں سیاح موجود ہیں جس کی وجہ سے یہاں ہوٹلوں میں کمرے ہی نہیں ملتے ہیں۔ موصوف ہدایت کار نے کشمیریوں کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی مجھے بہت اچھی لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کشمیر کو آگے لے جانے کے لئے کافی کوششیں کر رہی ہیں۔

اپنی فلم 'انڈیا لاک ڈاؤن' کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں موصوف کا کہنا تھا کہ 'اس فلم میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ لاک ڈاؤن سے کس طرح مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ لوگ متاثر ہوئے۔ امید ہے کہ یہ فلم لوگوں کو پسند آئے گی'۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کو سال رواں کے آخر تک ریلیز کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔