’میں حادثاتی طور پر اداکارہ بن گئی، میں نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی‘

’روحانیت‘ کی اداکارہ کنیکا مان کا کہنا ہے کہ ’زی ٹی وی‘ کے ڈیلی شوپ ’گڈن‘ میں اداکاری کرنے کے بعد اور اس کے ذریعہ سے مجھے جو تعریف ملی، میں نے محسوس کیا کہ میں اس شعبہ میں آگے بڑھ سکتی ہوں۔

کنیکا مان
کنیکا مان
user

کمار روی راج سنہا

ان دنوں ’ایم ایکس پلیئر‘ پر ویب سیریز ’روحانیت‘ کو لوگ خوب پسند کر رہے ہیں، اس ویب سیریز کی اداکارہ کنیکا مان سے ’قومی آواز‘ کے نمائندہ نے خصوصی گفتگو کی، پیش ہیں اس کے اہم اقتباسات...

ہمیں اپنے فلمی سفر کے بارے میں بتائیں

اس انڈسٹری میں میرا سفر شاندار رہا ہے۔ یہ مجھے بہت خوشی دیتا ہے کہ میں ایک ایسی جگہ پر ہوں جو غیر معمولی طور سے باصلاحیت لوگوں سے بھری ہوئی ہے۔ ایسا ماحول ایک اداکار کے لیے ہمیشہ اچھا ہوتا ہے کیونکہ یہ ترغیب کا ذریعہ بنتا ہے۔


آپ نے اداکارہ بننے کا فیصلہ کب کیا؟

میں حادثاتی طور پر اداکارہ بن گئی۔ میں پڑھائی میں تیز تھی، اور میں نے اداکاری کو کیریر بنانے کے بارے میں کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا۔ لیکن ’زی ٹی وی‘ کے ڈیلی شوپ ’گڈن‘ میں اداکاری کرنے کے بعد اور اس کے ذریعہ سے مجھے جو تعریف ملی، میں نے محسوس کیا کہ میں اس شعبہ میں آگے بڑھ سکتی ہوں۔

آپ نے پنجابی فلمیں اور میوزک البم میں بھی کام کیا ہے، آپ کو یہ موقع کیسے ملا؟

میں سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہوں، اور شاید یہی وجہ ہے کہ مجھ سے مختلف میوزک ویڈیوز اور پنجابی فلموں کے لیے رابطہ کیا جانے لگا۔


روحانیت میں ارجن بجلانی کے ساتھ کام کرنے کا آپ کا تجربہ کیسا رہا؟

’روحانیت‘ کی کہانی بہت دلچسپ ہے اور اس میں کام کرنا ایک شاندار تجربہ تھا۔ ارجن سیٹ پر بہت پروفیشنل تھے اور وہ اپنے کرافٹ کے بارے میں کافی سنجیدہ رہتے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ ایک بہت پیارا تجربہ تھا۔

فلم انڈسٹری میں داخل ہوتے وقت کیا اپ کو کسی مشکل کا سامنا کرنا پڑا؟

میں ایسی لڑکی ہوں جو مشکلات کے منفی پہلو کی جگہ مثبت پہلو پر دھیان دینا پسند کرتی ہوں۔ مشکلات اور چیلنجز ہر انڈسٹری میں ہوتے ہیں، لیکن یہ اس بات پر منحصر کرتا ہے کہ آپ ان سے کتنی شدت کے ساتھ نمٹتے ہیں اور سبھی رخنات کے باوجود کیسے اپنے راستے پر آگے بڑھتے رہتے ہیں۔


فلموں اور ٹی وی سیریلس کی شوٹنگ کے تجربات میں کیا فرق ہے؟

ٹیلی ویژن کے لیے بہت ڈسپلن کی ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ آپ کو ہر دن شوٹنگ کرنی ہوتی ہے جو مہینوں یا سالوں تک چلتی ہے، اور ہر دن شوٹ کرنے کے لیے بہت سارے مناظر ہوتے ہیں۔ یہ ہمسٹر وہیل پر دوڑنے جیسا ہے۔ جب کہ فلم/او ٹی ٹی سب ایک ساتھ ایک الگ نظارہ پیش کرتا ہے۔ یہاں ہمیں پوری طرح سے صحیح شاٹ دینے پر دھیان دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ بھلے ہی اس ایک شاٹ میں پورا دن لگ جائے۔ لیکن سبھی میڈیم کی اپنی الگ کشش اور ناظرین ہوتے ہیں۔ اس لیے مجھے یہ بھی پسند ہیں۔

آپ آگے کن پروجیکٹس میں کام کر رہی ہیں؟

کچھ ویب شوز ہیں جن کی میں نے گزشتہ سال شوٹنگ کی تھی، اور میں اب ان کے ریلیز ہونے کا انتظار کر رہی ہوں۔ میں یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں کہ میرے شیدائی ان شوز میں میرے نئے کرداروں کے ساتھ مجھے کیسے پسند کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔