سوشانت کی موت کے بعد کنبہ پروری پر بحث تیز، سیف علی خان بھی ہو چکے ہیں شکار

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے بالی ووڈ میں نیپوٹیزن یعنی کنبہ پروری پر بحث تیز ہو رہی ہے، دریں اثنا، سیف علی خان کا کہنا ہے کہ وہ بھی شکار ہو چکے ہیں لیکن اس کے بارے میں کسی نے کچھ نہیں کہا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر نیپوٹیزم یعنی کنبہ پروری کے حوالہ سے لگاتار بحث کی جا رہی ہے۔ یہ بحث اتنی شدید ہو چکی ہے کہ کچھ اداکار کھلے طور پر نہ صرف کنبہ پروری کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں بلکہ ’اسٹار کڈس‘ کی فلموں کا بائیکاٹ کرنے کی بھی بات کر رہے ہیں۔

کنبہ پروری کے حوالہ سے حال ہی میں سیف علی خان نے بھی انکشاف کیا ہے۔ ایک انگریزی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں سیف علی خان نے بتایا کہ وہ بھی کنبہ پروری کا شکار ہو چکے ہیں لیکن اس کے بارے میں کبھی کسی نے کچھ نہیں کہا۔


سیف علی خان نے اپنے انٹرویو میں کنبہ پروری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ’’ہندوستان میں غیر برابری ہے، جسے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ کنبہ پروری، جانبداری وغیرہ کئی طرح کے مسائل یہاں موجود ہیں۔ یہاں تک کہ میں کنبہ پروری (اقربا پروری) کا بھی شکار ہو چکا ہوں لیکن اس کے بارے میں کوئی نہیں بولتا۔‘‘

سیف علی خان نے مزید کہا کہ انہیں خوشی ہے کنبہ پروری کے خلاف فلمی ادارے آواز اٹھا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سیف علی خان سے پہلے پرینکا چوپڑا نے بھی کنبہ پروری کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ کنبہ پروری کی وجہ سے ہی انہیں کئی فلموں سے باہر کر دیا گیا تھا، جس کے بعد وہ کافی روئی بھی تھیں۔


غورطلب ہے کہ سیف علی خان اپنی فلموں کے ساتھ ساتھ اپنے بے باک انداز کے لئے بھی مشہور ہیں اور اپنی رائے کو بلا جھجک پیش کرتے ہیں۔ سیف علی خان آخری بار ’جوانی جانِ من‘ اور ’تانہاجی: دی ان سنگ واریئر‘ میں نظر آئے تھے۔ اس کے علاوہ سیف جلد ہی فلم ’دل بیچارہ‘ میں بھی نظر آئیں گے، جس میں حال ہی میں فوت ہونے والے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت بھی نظر آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Jul 2020, 3:33 PM