بالی ووڈ اداکارہ رچا چڈھا پر لگا ہندوستانی فوج کا مذاق اڑانے کا الزام، پولیس کارروائی کا مطالبہ

رچا چڈھا کے ذریعہ کیے گئے ٹوئٹ پر منجندر سنگھ سرسا نے اپنا پہلا رد عمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’’شرمناک ٹوئٹ۔ اسے جلد از جلد واپس لینا چاہیے۔ ہمارے مسلح افواج کی بے عزتی کرنا مناسب نہیں ہے۔‘‘

رچا چڈھا، تصویر آئی اے این ایس
رچا چڈھا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ اداکارہ رچا چڈھا نے ہندوستانی فوج کے شمالی کمان کے چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کے ایک بیان پر ٹوئٹ کر مبینہ طور پر فوج کا مذاق اڑایا ہے۔ اب سوشل میڈیا پر رچا چڈھا کے اس عمل کی پرزور تنقید ہو رہی ہے۔ بی جے پی لیڈر منجندر سنگھ سرسا نے تو ممبئی پولیس سے رچا چڈھا کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ تک کر دیا ہے۔ ساتھ ہی منجندر سنگھ نے رچا چڈھا کو ایک تھرڈ گریڈ اداکارہ بتا کر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

دراصل رچا چڈھا نے ’بابا بنارس‘ نامی ٹوئٹ اکاؤنٹ سے کیے گئے ایک ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’گلوان ہائے کہتا ہے۔‘‘ جس ٹوئٹ کو انھوں نے شیئر کیا ہے اس میں ہندوستانی فوج کے شمالی کمان کے چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کے حوالے سے لکھا گیا ہے ’’ہم پاکستان سے پی او کے واپس لینے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔ ہم حکومت سے حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہم آپریشن جلد پورا کر لیں گے۔ اس سے پہلے اگر پاکستان جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو جواب کچھ اور ہوگا، جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔‘‘


رچا چڈھا کے ذریعہ کیے گئے ٹوئٹ پر منجندر سنگھ سرسا نے اپنا پہلا رد عمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’’شرمناک ٹوئٹ۔ اسے جلد از جلد واپس لینا چاہیے۔ ہمارے مسلح افواج کی بے عزتی کرنا مناسب نہیں ہے۔‘‘ پھر انھوں نے جمعرات کو ایک ویڈیو پیغام ٹوئٹ کرتے ہوئے رچا چڈھا پر خوب حملہ کیا۔ سرسا نے ویڈیو پیغام میں کہا ’’رچا چڈھا بالی ووڈ کی تھرڈ گریڈ اداکارہ ہیں اور ہمیشہ ہی ہندوستان کے خلاف قابل اعتراض ٹوئٹ کرنے میں وہ سب سے آگے رہتی ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ شمالی کمان کے چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی سے منگل کو جب پی او کے سے متعلق سوال کیا گیا تھا تب انھوں نے کہا تھا کہ ’’اس موضوع پر پارلیمانی عزائم پہلے سے موجود ہیں، اس لیے کچھ بھی نیا نہیں ہے، یہ پارلیمانی عزائم کا حصہ ہے۔ جہاں تک ہندوستانی فوج کی بات ہے، یہ حکومت کی طرف سے دیئے جانے والے کسی بھی حکم پر عمل کرے گی اور جب بھی ایسے حکم دیئے جائیں گے، ہم اس کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */