گجرات انتخابات: ملکارجن کھڑگے کے وزیر اعظم مودی سے 3 اہم سوال، ’27 سالوں کا حساب، گجرات مانگے جواب‘

گجرات سے متعلق اہم مسائل کو اٹھاتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم مودی سے کہا کہ وہ کانگریس کو کوسنے کے بجائے بی جے پی کی ناقص حکمرانی پر بات کریں۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: گجرات میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور تمام پارٹیاں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ حزب اختلاف کے لیڈران کا الزام ہے کہ ریاست میں دہائیوں سے برسراقتدار رہنے والی بی جے پی مسائل پر بات نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوا پارٹی خود عوام کو جواب اور حساب دینے کے بجائے کانگریس سے سوال پوچھ رہی ہیں اور اسے نشانہ بنا رہی ہیں۔

دریں اثنا، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے حکمراں بی جے پی اور وزیر اعظم سے 3 اہم سوال پوچھے ہیں۔ کھڑگے نے ٹوئٹ کیا، ’’نریندر مودی جی، کانگریس کو کوسنے کے بجائے بی جے پی کی ناقص غلط حکمرانی پر بات کریں! گجرات کے بچوں کا مستقبل کیوں خراب کیا؟ غذائی قلت کے شکار، کم وزن بچوں میں گجرات 30 ریاستوں میں 29 ویں نمبر پر کیوں ہے؟ بچوں کی شرح اموات میں یہ 19ویں نمبر پر کیوں ہے؟‘‘ ٹوئٹ کے ساتھ کھڑگے نے لکھا ’’27 سال کا حساب، گجرات مانگے حساب!‘‘


وہیں، انڈین نیشنل کانگریس کے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل سے آدیواسیوں کے لئے حقوق کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا۔ پارٹی نے لکھا ’’کانگریس پوری طرح سے قبائلیوں کے لیے وقف ہے۔ گجرات میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی، بھوریا کمیٹی کی رپورٹ کو نافذ کریں گے۔ آئین کے پانچویں شیڈول کو نافذ کریں گے اور جنگل کی زمین پر قبائلیوں کے حقوق فراہم کریں گے۔‘‘

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی اپنے بیان میں قبائلیوں کے حقوق پر بات کی۔ انہوں نے کہا ’’آدیواسیوں کے ساتھ میرا اور میرے پریوار کا بہت گہرا رشتہ ہے۔ میں ان کے حقوق کی حفاظت کے لئے لڑتا رہوں گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔