فلم ’مدر انڈیا‘ کی ایک اہم سین کے بعد نرگس بنی تھیں سنیل دَت کی دلہن، لیکن شادی کی خبر پھیلانے پر لگا دی گئی تھی پابندی!

فلم ’مدر انڈیا‘ نرگس کے کیریر میں سنگ میل ثابت ہوئی، اس فلم میں انھوں نے ایک ایسی دیہی ہندوستانی خاتون کا کردار نبھایا تھا جو تمام پریشانیوں کا سامنا کرتی ہے اور اپنے بچوں کی پرورش کرتی ہے۔

نرگس اور سنیل دت، فائل تصویر آئی اے این ایس
نرگس اور سنیل دت، فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ نرگس دَت کی آج 93ویں سالگرہ ہے۔ نرگس دَت نے ہندی فلم کو ایسی ایسی نایاب فلمیں دی ہیں جس کی وجہ سے ہندی فلم انڈسٹری نہ صرف ملک میں بلکہ دنیا بھر میں خوب شہرت حاصل کرنے لگی۔ بے حد کم وقت میں وہ بالی ووڈ کے سبھی فلمسازوں و ہدایت کاروں کی پسند بن گئیں۔

بالی ووڈ کے شومین کہے جانے والے اداکار، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر راج کپور کے ساتھ ان کی جوڑی خوب جمی۔ ایک طویل عرصے تک نرگس آر کے بینر کی فلموں میں بطور لیڈ ایکٹریس راج کپور کے ساتھ نظر آئیں۔ اسی دوران راج کپور کے ساتھ ان کے معاشقے کی خبروں نے بھی خوب سرخیاں بٹوریں، لیکن نرگس کے سنیل دَت سے شادی کر لینے کے بعد یہ چیپٹر پوری طرح بند ہو گیا اور نرگس نے بھی آر کے بینر کی فلموں اور راج کپور سے دوریاں بنا لیں۔ کہا جاتا ہے کہ نرگس کے اچانک شادی کر لینے سے راج کپور ڈپریشن کا شکار ہو گئے تھے۔


بات اگر نرگس کے فلمی کیریر کی ہو اور اس میں محبوب خان کی فلم ’مدر انڈیا‘ کا ذکر نہ ہو تو بات ادھوری رہ جائے گی۔ فلم ’مدر انڈیا‘ نرگس کے کیریر میں سنگ میل ثابت ہوئی۔ اس فلم میں انھوں نے ایک ایسی دیہی ہندوستانی خاتون کا کردار نبھایا تھا جو تمام پریشانیوں کا سامنا کرتی ہے اور اپنے بچوں کی پرورش کرتی ہے۔ اس فلم میں ساہوکار کا کسانوں پر ظلم و ستم ڈھانے کے حقیقی اور جذباتی مناظر فلمائے گئے ہیں۔ ایک کسان جو قرض کے بوجھ میں دبتا ہے تو دبتا ہی چلا جاتا ہے اور اس پر ساہوکاروں کا ظلم و ستم حالات کو مزید خوفناک بناتا جاتا ہے۔ فلم جب ریلیز ہوئی تو باکس آفس پر بہت بڑی ہِٹ ثابت ہوئی۔ نرگس، راج کمار، سنیل دت اور راجندر کمار کے کام کو لوگوں نے خوب پسند کیا۔ فلم کے سبھی گیت کامیاب ثابت ہوئے۔

فلم ’مدر انڈیا‘ میں موسیقی نوشاد نے دی تھی اور نغمے لکھے تھے شکیل بدایونی نے۔ اس فلم سے جڑی ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی شوٹنگ کے دوران ہی نرگس اور سنیل دَت نے شادی کر لی تھی۔ ہوا یہ تھا کہ فلم کی ایک اہم سین میں سنیل دَت کو آگ سے نرگس کو بچانا تھا۔ سیٹ پر ہوئی غلطی سے آگ حقیقی معنوں میں سیٹ پر ہی لگ گئی اور نرگس آگ کے درمیان میں پھنس گئیں۔ تب سنیل دَت نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر آگ میں کود کر نرگس کی جان بچائی تھی۔ اس کے بعد دونوں کو ایک دوسرے سے عشق ہو گیا اور دونوں نے شادی کر لی۔


فلم ’مدر انڈیا‘ کے ڈائریکٹر محبوب خان نے دونوں کو خاص طور پر تاکید کی تھی کہ فلم کی ریلیز سے پہلے شادی کی بات سامنے نہیں آنی چاہیے۔ اس کے پیچھے محبوب خان کی یہ فکر تھی کہ فلم میں سنیل دَت نے نرگس کے بیٹے کا کردار نبھایا تھا اور اگر فلم کی ریلیز ہونے سے پہلے یہ بات ناظرین کو پتہ چل جاتی کہ دونوں اصل میں شوہر-بیوی ہیں تو ناظرین ان کے کردار کو کبھی قبول نہ کر پاتے۔ ایسے میں محبوب خان کی ڈریم پروجیکٹ فلم ’مدر انڈیا‘ باکس آفس پر اوندھے منھ گر جاتی۔ یہی وجہ ہے کہ محبوب خان نے فلم کی ریلیز تک شادی کی بات میڈیا سے دونوں کو چھپائے رکھنے کی ہدایت دی۔ فلم جب ریلیز ہوئی تو باکس آفس پر بہت بڑی کامیاب فلم ثابت ہوئی اور بعد میں آسکر کے لیے بھی نامزد ہوئی۔

فلم ’مدر انڈیا‘ 1940 میں محبوب خان کی ہی فلم ’عورت‘ کا ریمیک تھی۔ اس فلم میں نرگس اہم کردار میں تھیں۔ انھوں نے اس فلم میں ایک مثالی ہندوستانی دیہی خاتون کا کردار نبھایا۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک گاؤں کی عورت مشکلات میں بھی اپنے کنبہ کو چلاتی ہے۔ بچوں کی پرورش کرتی ہے، کس طرح ساہوکار کے قرض میں ڈوبے اپنے کنبہ کو نرگس دن رات محنت کر کے چلاتی ہے۔


بچپن میں گاؤں کے لالا کے ظلم سے نرگس کا چھوٹا بیٹا برجو یعنی سنیل دَت اپنی فیملی کا بدلہ لینے کے لیے ڈاکو بن جاتا ہے۔ نرگس اسے بہت منانے کی کوشش کرتی ہے، لیکن وہ نہیں مانتا۔ ویسے تو فلم کے سارے مناظر اور ڈائیلاگ بہت ہی اچھے ہیں، لیکن سب سے زبردست منظر فلم کا وہ ہے جس میں فلم کے آخر میں نرگس لالا کی بیٹی کی عزت بچانے کے لیے اپنے ہی ڈاکو بنے بیٹے کو گولی مار دیتی ہیں۔ نرگس کو آج بھی اس کردار کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ ان کا یہ کردار لافانی تصور کیا جاتا ہے۔

(نوجیون انڈیا ڈاٹ کام پر شائع اطہر مسعود کے ہندی مضمون کا اردو ترجمہ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔