پھر ایک معروف فلم اداکار نے کی خودکشی، آصف بصرا کی موت سے بالی ووڈ غمزدہ

آصف نے رتک روشن کی فلم ’کرش 3‘ اور سیف علی خان کی فلم ’کالاکانڈی‘ میں اپنی اداکاری سے لوگوں کا دل جیتا تھا۔ علاوہ ازیں ویب سیریز ’پاتال لوک‘ اور ’ہوسٹیجز‘ میں بھی انھوں نے اداکاری کا لوہا منوایا تھا۔

تصویر بذریعہ @isalilsand
تصویر بذریعہ @isalilsand
user

تنویر

بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار آصف بصرا نے جمعرات کو ہماچل پردیش واقع دھرمشالہ میں خودکشی کر لی۔ اس خودکشی واقعہ کے بعد ایک بار پھر اس طرح کے سوال اٹھنے لگے ہیں کہ بالی ووڈ میں خودکشی کا چلن آخر کیوں بڑھتا جا رہا ہے۔ آصف بصرا کی خودکشی کے تعلق سے بتایا جا رہا ہے کہ وہ دھرمشالہ میں ایک کرایہ کے مکان میں رہتے تھے۔ یہاں جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے انھوں نے اپنی زندگی ختم کر لی۔ پولس کو اس خودکشی کی جانکاری 12.30 بجے ملی۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پولس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر سب سے پہلے لاش کو اپنے قبضے میں لیا اور وہاں کے حالات کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد لاش کو فوری طور پر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ پولس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ آخر آصف بصرا نے خودکشی کن حالات میں کی۔ ہماچل پردیش واقع کانگڑا کے ایس ایس پی ومکت رنجن نے بتایا کہ ’’فلم اداکار آصف بصرا دھرمشالہ میں ایک نجی احاطہ میں مردہ پائے گئے۔ انھوں نے پھانسی لگائی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’فورنسک ٹیم موقع پر موجود ہے اور پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ انھوں نے اتنا بڑا قدم کیوں اٹھایا، یہ فی الحال واضح نہیں ہو پایا ہے۔‘‘


جہاں تک آصف بصرا کے فلمی سفر کی بات ہے، تو انھوں نے کئی بڑی فلموں کے ساتھ ساتھ چھوٹے پردے کے لیے بھی کام کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آصف بصرا نے سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم ’کائے پو چھے‘ میں بھی کام کیا تھا جنھوں نے اسی سال مبینہ طور پر خودکشی کی۔ آصف نے رانی مکھرجی کی فلم ’ہچکی‘ میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور اس سے پہلے رتک روشن کی فلم ’کرش 3‘ و سیف علی خان کی فلم ’کالاکانڈی‘ میں بھی اپنی اداکاری سے لوگوں کا دل جیتا تھا۔ علاوہ ازیں ویب سیریز ’پاتال لوک‘ اور ’ہوسٹیجز‘ میں بھی انھوں نے اداکاری کا لوہا منوایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔