’حکومت ہماری ہی بنے گی، تیار رہیں‘، مہاگٹھ بندھن کی میٹنگ میں تیجسوی یادو کا بیان

مہاگٹھ بندھن کی میٹنگ میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے فتحیاب اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حکومت ان کی ہی بننے جا رہی ہے، اس لیے سبھی تیار رہیں۔

تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
user

تنویر

بہار اسمبلی انتخاب کے نتائج برآمد ہونے کے بعد بھی سیاسی ہلچل جاری ہے۔ ویسے تو این ڈی اے 125 سیٹیں حاصل کر حکومت سازی کے لیے پوری طرح تیار ہے، لیکن جمعرات کو پٹنہ میں سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی رہائش پر مہاگٹھ بندھن لیڈروں کی جو میٹنگ ہوئی، اس کے بعد سیاست میں ایک گرمی پیدا ہو گئی ہے۔ اس میٹنگ میں آر جے ڈی لیڈر اور مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ امیدوار تیجسوی یادو نے فتحیاب اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کر دیا کہ حکومت ان کی ہی بننے جا رہی ہے، اس لیے سبھی تیار رہیں۔

ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیجسوی یادو نے اپنے فتحیاب اراکین اسمبلی سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ ایک مہینے تک پٹنہ میں ہی رہیں۔ دراصل تیجسوی یادو کو اندیشہ ہے کہ این ڈی اے ایسی کوشش کر سکتی ہیں کہ کچھ اراکین اسمبلی کو اپنی طرف کھینچ لیں، اس لیے تیجسوی پوری طرح محتاط رہنا چاہتے ہیں۔ تیجسوی مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے کو لے کر بات اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ انھیں امید ہے کہ این ڈی اے میں حکومت سازی کو لے کر کچھ کھلبلی مچ سکتی ہے، اور ایسے میں اس کا فائدہ مہاگٹھ بندھن اٹھا سکتا ہے۔


ذرائع کے مطابق تیجسوی کا ماننا ہے کہ این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔ وہ اس بات کا انتظار کریں گے کہ کابینہ میں جیتن رام مانجھی اور مکیش سہنی کی پارٹیوں کو کتنی شراکت داری ملتی ہے۔ اگر وزارت کو لے کر کوئی کھلبلی مچتی ہے تو سیاست اپنی کروٹ بدل سکتی ہے۔ مہاگٹھ بندھن کی میٹنگ میں تیجسوی یادو نے سیٹیں کم آنے سے متعلق سازش کیے جانے کی بات بھی کہی۔ انھوں نے میٹنگ میں کہا کہ ’’عوام کی حمایت مہاگٹھ بندھن کے ساتھ ہے۔ ہمیں تقریباً 130 سیٹیں ملی ہیں۔ لیکن نتیش کمار نے سازش کر کے حکومت بنا لی ہے۔‘‘ اس دوران تیجسوی نے کئی سیٹوں پر ووٹ شماری میں دھاندلی کیے جانے کا الزام بھی عائد کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Nov 2020, 6:11 PM