اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو بڑی راحت، عدالت سے ملی عبوری ضمانت

بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو کروڑ پتی ٹھگ سکیش چندر شیکھر سے متعلق 200 کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں عبوری ضمانت مل گئی ہے۔

جیکلین فرنانڈیز، تصویر آئی اے این ایس
جیکلین فرنانڈیز، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو 200 کروڑ کے دھوکہ دہی کیس میں بڑی راحت ملی ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ سے 50 ہزار کے ذاتی مچلکے پر انہیں عبوری ضمانت مل گئی ہے۔ حال ہی میں، دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ نے اداکارہ سے 15 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے حال ہی میں اس کیس میں اپنی دوسری ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی، جس میں انہیں ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ جیکلین اور دیگر بالی ووڈ اداکارہ نورا فتحی، دونوں نے کیس میں بطور گواہ اپنے بیانات قلمبند کرائے تھے۔ اس سے پہلےتحقیقاتی ایجنسی نے جیکلین کی 7.2 کروڑ روپے کے اثاثے کو اٹیچ کر دیا تھا۔


گزشتہ سال دسمبر میں ای ڈی نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں اس معاملے میں اپنی پہلی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ بعد میں یعنی فروری میں، اس نے چندر شیکھر کی مبینہ معاون پنکی ایرانی کے خلاف ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پنکی نے جیکلین کو سکیش چندر شیکھر سے ملوایا تھا۔

چارج شیٹ کے مطابق جیکلین کے لیے پنکی مہنگے تحائف کا انتخاب کرتی تھی اور اس کی ادائیگی چندر شیکھر کرتا تھا۔ الزام ہے کہ سکیش نے مختلف ماڈلز اور بالی ووڈ کی مشہور شخصیات پر تقریباً 20 کروڑ خرچ کیے ہیں۔ واضح رہے کچھ مشہور شخصیات نے اس کا تحفہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔