370 دنوں تک پیدل سفر کر 8640 کلومیٹر کا راستہ طے کیا اور مکہ معظمہ پہنچا کیرالہ کا شہاب، حج کے لیے ماں کا انتظار

شہاب نے گزشتہ سال جون میں حج کے لیے پیدل سفر شروع کیا تھا، ہندوستان کی کئی ریاستوں سے گزرنے کے بعد جب وہ واگھہ بارڈر سے پاکستان میں داخل ہو رہے تھے تو کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>شہاب، تصویر بشکریہ ٹوئٹر&nbsp;@SiyaShihab</p></div>

شہاب، تصویر بشکریہ ٹوئٹر@SiyaShihab

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے سعودی عرب کے لیے حج پرواز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس درمیان ایک ایسی خبر سامنے آ رہی ہے جس نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ کیرالہ کا نوجوان شہاب چھوٹور پاپیادہ یعنی پیدل ہی مکہ معظمہ پہنچ چکا ہے۔ ہندوستان سے مکہ کی دوری تقریباً 8640 کلومیٹر پر مشتمل ہے اور یہ سفر شہاب نے پیدل تقریباً 370 دنوں میں مکمل کیا۔ اس نے پاکستان، ایران، عراق اور کویت ہوتے ہوئے سعودی عرب میں اپنا قدم رکھا۔ جب شہاب نے سعودی عرب کے لیے پیدل سفر شروع کیا تھا تو لوگوں کے ذہن میں یہ سوال تھا کہ وہ اپنا ارادہ پورا کر سکے گا یا نہیں، لیکن شہاب نے ثابت کر دیا ہے کہ کسی بھی مشکل سے مشکل کام کے لیے پختہ عزم کر لیا جائے تو وہ ناممکن نہیں۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق شہاب مکہ معظمہ پہنچ کر اب اپنی ماں کا انتظار کر رہا ہے۔ شہاب کی ماں زینب جلد ہی بذریعہ طیارہ سعودی عرب پہنچیں گی اور پھر دونوں حج کا فریضہ ساتھ ساتھ انجام دیں گے۔ شہاب نے اپنے سفر اور آگے کے منصوبوں کے بارے میں یوٹیوب چینل کے ذریعہ جانکاری دی ہے۔ دراصل شہاب اپنا یوٹیوب چینل چلاتے ہیں اور سعودی عرب کے اپنے سفر کے دوران پیش آنے والے واقعات و تجربات کا تذکرہ اس یوٹیوب چینل پر کرتے رہے ہیں۔ ہر دن وہ اپنے سفر کے بارے میں اپنے فالووَرس کو بتاتے تھے اور یہی وجہ ہے کہ مکہ معظمہ پہنچنے کے بعد کئی لوگوں نے ان کی ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے انھیں مبارکباد بھی پیش کی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ شہاب نے گزشتہ سال جون میں حج کے لیے پیدل سفر شروع کیا تھا۔ ہندوستان کی کئی ریاستوں سے گزرنے کے بعد جب وہ واگھہ بارڈر سے پاکستان میں داخل ہو رہے تھے تو کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ دراصل پاکستان کے افسران نے انہیں روک لیا تھا کیونکہ شہاب کے پاس ویزا نہیں تھا۔ ٹرانزٹ ویزا پانے کے لیے شہاب کو ایک اسکول میں مہینے بھر تک انتظار کرنا پڑا تھا۔ اُس وقت کئی اخبارات و رسائل میں شہاب کے تعلق سے خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔ پھر فروری 2023 میں شہاب کو ٹرانزٹ ویزا ملا اور دوبارہ سفر شروع ہوا۔ وہاں سے تقریباً چار ماہ کا سفر کر شہاب اپنی منزل تک پہنچ گئے اور اب اس کے سبھی چاہنے والے اللہ سے دعا کر رہے ہیں کہ اس کے حج کو قبولیت کا درجہ حاصل ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔