’حاملہ خواتین بھی اب کووِڈ- 19 کی ویکسین لگوا سکتی ہیں‘

اس رپورٹ کے ابتدائی نتائج امریکا میں حمل کے دوران میں ماڈرنا یا فائزر میں سے کسی ایک کی ویکسین لگوانے والی 35 ہزارخواتین سے حاصل کردہ ڈیٹا سے اخذ کیے گئے ہیں۔

’حاملہ خواتین بھی اب کووِڈ-19 کی ویکسین لگوا سکتی ہیں‘
’حاملہ خواتین بھی اب کووِڈ-19 کی ویکسین لگوا سکتی ہیں‘
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب میں حاملہ خواتین اب کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کرا سکتی ہیں۔ سعودی وزارتِ صحت نے ٹوئٹر پر یہ اعلان کیا ہے کہ ’’خصوصی سائنسی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اب حاملہ خواتین کے لیے کووِڈ- 19 کی ویکسینیں دستیاب ہیں۔‘‘

اس نے حالیہ مطالعات کی روشنی میں کہا ہے کہ ’’ویکسین سے کسی حاملہ خاتون یا اس کے پیٹ میں نشوونما پانے والے جنین کو کوئی نقصان پہنچنے کا اندیشہ نہیں، لیکن اگر وہ اس حالت میں کورونا وائرس کا شکار ہوجاتی ہے تو اس سے نہ صرف سنگین قسم کی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں بلکہ اس سے اس کے حمل کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔‘‘


سعودی وزارت صحت کے اس اعلان سے قبل حمل کے دوران میں کووِڈ- 19 کی ویکسین لگوانے سے متعلق ایک وسیع ترتحقیقاتی رپورٹ شائع ہوئی تھی۔ اس میں تحقیقی شواہد کی روشنی میں یہ بتایا گیا تھا کہ ویکسین حاملہ خواتین کے لیے بھی عام عورتوں کی طرح محفوظ ہے۔

اس رپورٹ کے ابتدائی نتائج امریکا میں حمل کے دوران میں ماڈرنا یا فائزر میں سے کسی ایک کی ویکسین لگوانے والی 35 ہزارخواتین سے حاصل کردہ ڈیٹا سے اخذ کیے گئے ہیں۔ امریکا کی سوسائٹی برائے تولیدی میڈیسن نے بھی الگ سے اس امرکی توثیق کی ہے کہ حاملہ خواتین کووِڈ- 19 کی ویکسین لگوا سکتی ہیں۔ سوسائٹی امریکا میں گزشتہ ایک سال سے کووِڈ- 19 کی ویکسین کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔


اس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’حاملہ خواتین سمیت ہر کسی کو ویکسین لگوانی چاہیے اور جو خواتین مستقبل میں امید سے ہونا چاہتی ہیں ان کے لیے بھی کووِڈ- 19 کی ویکسینیں محفوظ اور مؤثرہیں۔‘‘ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے دبئی حکومت نے فائزر کی ایم آر این اے ویکسین لگوانے والوں کے لیے اہلیت کے معیار میں توسیع کی تھی اور اہل افراد کی فہرست میں بچوں کو چھاتی کا دودھ پلانے والی ماؤں اور مستقبل میں امید سے ہونے کی خواہاں خواتین کو بھی شامل کرلیا تھا۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 80 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ اس وقت سعودی عرب بھرمیں 587 ویکسی نیشن مراکز کام کر رہے ہیں۔ وہاں شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 کی مفت ویکسینیں لگائی جا رہی ہیں۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔