حجاج کے لئے ماسک پہننا اور سماجی دوری بنائے رکھنا لازمی، حج ضابطوں کا اعلان

حقیقت تو یہ ہے کہ کورونا وائرس نے زندگی کے ہر شعبہ کو بری طرح متاثر کیا ہے یہاں تک کے عبادت کو بھی نہیں بخشا۔

حرم شریف کی فائل تصویر
حرم شریف کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

کورونا وبا کے پیش نظر سعودی حکومت نے پہلے ہی یہ اعلان کر دیا ہے کہ اس سال بیرون ممالک سے کوئی بھی شخص حج کرنے نہیں آئے گا اور مقامی شہریوں کے علاوہ بیرون ممالک کے صرف ان افراد کو حج کی سعادت نصیب ہو گی جو سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ اب سعودی عرب حکومت نے حج کے لئے باقاعدہ ضابطوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں حجاج کو حج کے دوران ماسک پہننا لازمی ہوگا اور ایک دوسرے سے سماجی دوری بنائے رکھنی ضروری ہوگی۔

واضح رہے نئے ضوابط کے مطابق حجاج پر کسی بھی طرح کے مجمع لاگنے پر پابندی ہوگی اور ایک دوسرے سے فاصلہ بناکر رکھنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے مستقل کیسوں میں اضافہ کی وجہ سے حکومت صرف ایک ہزار مقامی لوگوں کوحج کرنے کے لئے پرمٹ جاری کرے گی۔


حج اورعمرہ میں طواف کے دوران ہر حاجی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ حجر اسود کا بوسہ لے، لیکن اس سال حجر اسود کو چھونے پر بھی پابندی عائد رہے گی۔عازمین کو طواف اور سعی کے دوران کم ازکم آپس میں ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ بنائے رکھنا ہوگا۔ منی، مزدلفہ اور عرافات کے لئے صرف وہی لوگ جا سکتے ہیں جن کو انتظامیہ پرمٹ جاری کرے گی۔

ہندوستان کی حج کمیٹی آف انڈیا نے اس سال جن عازمین نے حج کے لئے پیسہ جمع کیے تھے ان کو پیسے واپس کرنے کے عمل کا اعلان کر دیا ہے اور ان خواتین کے لئے راحت کا اعلان کیا ہے جو بغیر محرم کے اس سال حج پر جانے والی تھیں۔ حج کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ان کے پیسے تو واپس کر دیئے جائیں گے لیکن ان کو اگلے سال حج کے لئے علیحدہ سے کوئی درخواست نہیں دینی ہوگی اور وہ پہلے سے ہی منتخب رہیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Jul 2020, 11:40 AM