خلافت ختم لیکن دہشت گردی کیوں جاری!...ظفر آغا

اسامہ نے جس جہادی دہشت گر دی کی سیا ست کی داغ بیل رکھی تھی وہ سیاست آج بھی جاری ہے، یہ ایک انتہائی خطر ناک صورت حال ہے۔ اس لئے یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ’جہاد ‘ اور دہشت گر دی کیوں بر قرار ہے!

Getty Images
Getty Images
user

ظفر آغا

آخر وہی ہوا جس کا خدشہ تھا! مو صل اور رقہ تو ابو بکر البغدادی کے ہاتھوں سے نکل گئے اور اس کی خلافت کا جغرافیائی خاتمہ بھی ہو گیا۔ لیکن ’جہاد ‘ ذہنی طور پر ابھی بھی زندہ ہے۔ تب ہی تو پچھلے ہفتے ایک ازبک نے نیو یارک میں لوئر مین ہٹن جیسے ’پاش‘ علاقے میں ایک ’جہادی ‘ حملہ میں 8 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ خلافت کی جانب سے یہ اعلان بھی ہو گیا کہ امریکی حملہ ان کی جانب سے تھا اور ایسے حملے آگے بھی جار ی رہیں گے۔ یعنی خلافت بھلے ہی ختم ہو گئی ہو لیکن خلافت کی ’جہادی سیاست‘ ختم نہیں ہو ئی۔ تمام تر فوجی کا رروائی کے باوجود دہشت گردی زندہ ہے۔ اسامہ بن لا دن مارا گیا اور اب البغدادی کو بھی ختم سمجھئے۔ لیکن اسامہ نے جس جہادی دہشت گر دی کی سیا ست کی داغ بیل رکھی تھی وہ سیاست آج بھی جاری ہے ۔ یہ ایک انتہائی خطر ناک صورت حال ہے ۔ اس لئے یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ’جہاد ‘ اور دہشت گر دی کیو ں بر قرار ہے!

در اصل دہشت گر دی یا ’جہاد‘ عالم اسلام اور مسلمانوں کے احتجاج کا ایک ذریعہ بن گیا ہے۔ لیکن آج کی دنیا میں احتجاج ایک جدید سیاسی طرز اختیار کر چکا ہے تو پھر عالم اسلا م میں سیاسی احتجاج ابھی بھی مذہبی رنگ کیوں اختیار کئے ہوئے ہے ! دوسرا اہم سوال یہ ہے کہ آکر یہ ’جہادی‘ طاقتیں اس قدر مغرب مخالف کیو ں ہیں!

جہا دی سیاست دو قسم کی سیاست ہے ۔ اول خود مغرب کی پر وردہ جہادی سیاست اور دوسری مسلمانوں کی احتجاجی جہادی سیاست ۔ جب مغرب خود مسلم دہشت کا نشانہ ہے تو پھر مغرب پر وردہ سیاست کے کیا معنی ! یاد کیجئے کہ بیسویں صدی میں جنم لینے والی جہادی سیاست کا پہلا مر کز پاکستان تھا جہاں آج بھی جہادی سیاست جاری ہے ۔ ہو ا یہ کہ سن 1980 میں جب سابقہ کمیونسٹ سویت یو نین نے افغانستان پر حملہ کر وہاں اپنا قبضہ جما لیا تو امریکہ میں یہ خیال پیدا ہوا کہ اپنے کمیونسٹ دشمن سویت یو نین کو افغانستان میں گھیر کر ویت نام کی شکست کا بدلا لیا جا سکتا ہے ۔ لیکن یہ کا م امریکہ خود اپنی فوج کا استعمال کر کےنہیں کر سکتا تھا ۔ اگر امریکہ سویت یو نین کے خلاف سیدھے اپنی فوجیں اتار دیتا تو عالمی جنگ کا خطرہ تھا جس کے نا تلافی نقصانات تھے ۔ اس لئے امریکہ کو ضرورت یہ تھی کہ سویت یو نین کے خلاف کو ئی اس کی ’پراکسی جنگ‘ لڑ سکے۔ اس کام کے لئے پاکستان تیار تھا جہاں اس وقت جنرل ضیاء الحق ، ذوالفقار علی بھٹوکو پھانسی پر چڑھا کر اقتدار پر قابض ہو چکے تھے ۔ پھر جنرل ضیاءالحق نے پاکستان میں اسلام کے نام پر ’نظام مصطفیٰ‘ کے قیام کا اعلان کر دیا تھا اور ضیاء الحق کے سائے میں پاکستان میں اسلام کی آڑ میں فوجی راج کا ڈنڈا چل رہا تھا۔

ضیاء الحق کو پیسہ بھی چاہیے تھا اور عالمی سطح پر اپنی فوجی حکومت کو منوانا بھی تھا ۔ امریکہ کی مدد کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ ادھر امریکہ کو افغانستان میں سویت یو نین کو سبق دینا تھا ۔ پاکستان کی افغانستان کے ساتھ سر حد ملتی ہے اس لئے خود امریکی فوج کی مداخلت کے بغیر صرف پاکستان ہی افغانستان میں امریکہ کے لئے جنگ لڑ سکتا تھا ۔ لیکن سویت یو نین جیسی اس وقت کی سپر پاور کے خلاف کھل کر خود پاکستان کو اپنی فوج افغانستان میں بھیجنا آسان نہیں تھا۔ اس پس منظر میں سویت یو نین کے خلاف عالم اسلام میں ’جہاد ‘ کا نعرہ اٹھا ۔ جس کو سعودی عرب نے مذہبی رنگ دیا اور اپنی دولت کی پشت پناہی دی اور بس دیکھتے دیکھتے تمام عالم اسلام میں مسجدوں سے جوانوں کو جہاد کے لئے افغانستان جا کر ’ حر مت اسلام ‘ کی تر غیب دی گئی۔ پاکستان اس امریکی جہاد کا مر کز بنا ۔ جہاں سی آئی اے نے اسامہ بن لا دن جیسوں کو فو جی ٹرینگ دی اور ہزاروں مسلم جہادیوں نے افغانستان میں سویت یو نین کو ایسی دھول چٹائی کہ کچھ عر صے بعد سویت یو نین ہی ٹوٹ کر ختم ہو گیا۔

اس طرح 20 ویں صدی کے آخر ی دور میں جس جہادی سیاست کی شروعات ہو ئی وہ امر یکہ کی ایک حکمت عملی تھی جس کا مقصد سویت یو نین کو سبق سکھا نا تھا ۔ لیکن جلدی ہی امریکہ کے ہاتھوں سے یہ کھیل نکل گیا ۔ سن 1990 کی دہائی میں جب صدام حسین نے کو یت پر حملہ کیا تو اس وقت جواباً امریکہ نے کو یت کو بچانے کے لئے اپنی فو جیں صدام کے خلاف کو یت کے چاروں طر ف اتار دیں اور حملہ کر کے عراقی فو ج کو کو یت سے پسپا کر دیا۔لیکن اب سعودی عرب سمیت تقریباً تمام عرب ممالک میں امریکی فو جی اڈے کھل گئے۔ یہ بات سب سے پہلے اسامہ بن لا دن کو منظور نہیں ہو ئی ۔ اسامہ بن لادن نے اس کے خلاف بغاوت کر دی اور جواز یہ دیا کہ مکہ اورمدینہ کے نزدیک امریکی فو جیں نہیں رہ سکتی ہیں ۔ یہ بات سعودی حکومت کو منظور نہیں تھی ۔ اسامہ بن لا دن نے جہادی سیاست کی کمان خود اپنے ہا تھوں میں سنبھال لی اور اس طرح جہادی سیاست مغرب مخالف بن گئی اور اس کی دہشت کا نشانہ امریکہ سمیت تمام عالم مغرب ہو گیا جو آج بھی جا ری ہے۔

لیکن سوال یہ ہے کہ اسامہ بن لادن ختم ہو گیا اور القاعدہ بستر مرگ پر پہنچ گئی۔ اور ابو بکر البغدای نے مغرب مخالف جہادی سیاست کی کمان سنبھال لی اور ایک خلافت بھی قائم کر لی۔ آخر وہ خلافت بھی ختم ہو ئی اور البغدادی پتہ نہیں حیات ہے کہ نہیں ۔ لیکن پھر بھی مغرب مخالف جہادی سیاست آج بھی قائم ہے اور یہ سیا ست کسی نہ کسی شکل میں جاری بھی رہے گی ۔ لیکن کیوں؟

جیسا عرض کیا کہ ’جہاد ‘ اب مغرب کے خلاف عالم اسلام کے نو جوانوں کا احتجاج ہے ۔ یقیناً آج کے دور میں دہشت کے ذریعہ احتجاج ایک غیر انسانی عمل ہے۔ لیکن کم و بیش تمام اسلامی ممالک میں مغرب کی پشت پناہی کے سبب عامرانہ نظام جاری ہے ۔ کم و بیش تمام عالم عرب ہی نہیں بلکہ تمام عالم اسلام میں امریکی فو جی اڈے ہی نہیں قائم ہیں بلکہ جمہویت قائم کر نے کے نام پر امریکی فو ج عراق۔ شام اور لیبیا کو روند چکی ہے جس کے نتیجے میں لا کھوں معصوم مارے جا چکے ہیں ۔

ان تمام اسلامی ممالک کا مسئلہ یہ ہے کہ ان سب ہی ممالک میں عامرانہ نظام ہے جہاں کسی قسم کے سیاسی احتجاج کی کو ئی گنجائش ہی نہیں ہے۔ بس عوامی احتجاج کا واحد مر کز مسجد بچتا ہے جہاں سے پیدا ہو نے والا احتجاج مذہبی رنگ لے کر جہاد کا رنگ لےلیتا ہے جو کچھ اور نہیں بلکہ دہشت گر دی ہو تی ہےاس لئے جب تک عرب ممالک میں عامریت کا خاتمہ نہیں ہو تا تب تک ایک اسامہ بن لا دن یا ابو بکر البغدادی کو ختم کر دینے سے ’جہا دی سیاست‘ یا دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ یہ مسئلہ حل کیسے ہو ! اس سلسلے میں شہزادہ سلمان کی قیادت میں سعودی عرب میں جو پیش رفت ہوئی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ سعودی حکومت نے عورتوں کو جو آزادی دی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ لبرل اسلام کی طرف اپنا جو رجحان کیا ہے وہی راستہ ایسا ہے جو اسلامی ممالک میں دہشت گردی کا خاتمہ کر سکتا ہے۔

یہ انسانی فطرت ہے کہ انسا ن کو جتنا دبا یا جا تاہے وہ اتنا ہی احتجاج کر تاہے۔ اگر اس کو آزادی ملتی ہے تو وہ فطری طور پر مہذب دائرے میں رہ کر ہی اپنی اظہار رائے کرتا ہے۔ اس لئے اگر عالم اسلام میں عامریت کا خاتمہ ہو گا تو جہاد اور جہادیوں کا بھی خاتمہ ہو گا ۔ اگر ایسا نہیں ہو تا تو لوئر مین ہٹن جیسے حملے ہوتے رہے گیں اور جہادی سیاست کا خطرہ ختم نہیں ہو سکےگا۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Nov 2017, 3:12 PM