ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کا اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

ہند-یو اے ای سرمایہ کاری کی ہائی لیول ٹاسک فورس کے آٹھویں اجلاس میں یہ اتفاق کیا گیا۔ یہ اجلاس منگل کے روز ہندوستان کی میزبانی میں آن لائن منعقد کیا گیا تھا۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے دو طرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین کو اس عمل کو آسان بنانے اور سرمایہ کاری کے لئے نئے شعبوں میں امکانات تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ہند-یو اے ای سرمایہ کاری کی ہائی لیول ٹاسک فورس کے آٹھویں اجلاس میں یہ اتفاق کیا گیا۔ یہ اجلاس منگل کے روز ہندوستان کی میزبانی میں آن لائن منعقد کیا گیا تھا۔

اس اجلاس میں ہندوستانی فریق کی قیادت مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے کی، جبکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت ابوظہبی کی ایگزیکٹو کونسل کے ممبر شیخ حامد بن زائد النہیان نے کی۔ اس میٹنگ میں دونوں ممالک کے متعلقہ سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔


اجلاس میں ٹاسک فورس کے نظام عمل اور دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نتائج پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ فریقین نے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے شعبوں میں امکانات تلاش کرنے پر زور دیا۔ اس کے لئے مستقل مذاکرات اور رابطے کی ضرورت ظاہر کی گئي۔ دونوں ممالک نے تجارت اور سرمایہ کاری کے میدان میں رکاوٹوں اور بندشوں کو دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

شہری ہوا بازی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے دونوں فریقوں نے اعلی سطح کے رابطے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں صحت کی نگہداشت، دوا سازی، خوراک اور زراعت، مال برداری اور توانائی وغیرہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔