اقوام متحدہ سے بیروت دھماکوں کی تحقیقات کا مطالبہ

بیرونی دنیا سے امداد کی اپیل:’’بیروت کو پھر آپ کی اور آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ایک مرتبہ پھر اس کے ساتھ کھڑے ہوجائیے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا بشکریہ انادولو ایجنسی
تصویر سوشل میڈیا بشکریہ انادولو ایجنسی
user

قومی آوازبیورو

بیروت دھماکوں میں پانچ ہزار سے زیادہ لوگ زخمی ہیں اور 130 افراد سے زیادہ ہلاک ہو ئے ہیں لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی ایسا بیان نہیں آیا ہے جس سے یہ اشارہ ملتا ہو کہ دھماکوں کے پیچھے کن طاقتوں کا ہاتھ ہے۔ لبنان کے چار سابق وزراء اعظم نے اقوام متحدہ یا عرب لیگ سے ان دھماکوں کی تحقیات کا مطالبہ کیا ہے۔

لبنان کے سابق وزراء اعظم سعد الحریری ، نجیب میقاتی ، فواد سنیورا اور تمام سلام نے بدھ کو ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دھماکوں کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ یا عرب لیگ کی ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے اور اس میں ’’شفاف‘‘ اور’’آزاد‘‘ جج شامل ہوں۔


انھوں نے بیان میں دھماکوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے اور زخمیوں کےعلاج معالجے کے لیے بیرونی دنیا سے امداد کی بھی اپیل کی ہے۔انھوں نے کہا:’’بیروت کو پھر آپ کی اور آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ایک مرتبہ پھر اس کے ساتھ کھڑے ہوجائیے۔‘‘

بیروت کے گورنر مروان عبود کے مطابق بندرگاہ کے علاقے میں تباہ کن دھماکوں کے نتیجے میں تین سے پانچ ارب ڈالر تک مالی نقصان ہوا ہے اور مکانات اور اپارٹمنٹ عمارتیں تباہ ہونے سے کم سے کم تین لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔


واضح رہے کہ لبنان پہلے ہی معاشی بحران سے دوچار ہے اور اس کو اس بحران سے نکلنے اور بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لیے بیرونی امداد کی اشد ضرورت ہے۔اب آدھے بیروت شہر کی تباہی سے اس کے لیے مزید معاشی وسماجی مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ (بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ )

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔