غزہ معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد اولین ترجیح ہے:مصر
مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے بتایا کہ مصر آئندہ ماہ قاہرہ میں “بین الاقوامی کانفرنس برائے ابتدائی بحالی، تعمیرِ نو اور ترقی” کی میزبانی کرے گا۔

غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے اور علاقے کی تعمیرِ نو پر بات چیت کے آغاز کے ساتھ ہی مصر نے اپنا مؤقف ایک بار پھر دوہرایا ہے کہ معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ مصری وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی نے زور دیا ہے کہ غزہ معاہدے کی تمام دفعات پر مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے۔
انہوں نے برسلز میں منعقدہ مصر۔یورپی یونین سربراہ اجلاس کے موقع پر رومانیہ کی وزیرِ خارجہ اوانا تسویو سے ملاقات میں کہا کہ معاہدے پر پوری طرح عمل درآمد ہی جنگ بندی کو مستحکم کرے گا، مکمل جنگ کے خاتمے کو یقینی بنائے گا اور اس کے بعد تعمیرِ نو کے عمل کا آغاز ممکن ہوگا۔
بدر عبدالعاطی نے بتایا کہ مصر آئندہ ماہ قاہرہ میں “بین الاقوامی کانفرنس برائے ابتدائی بحالی، تعمیرِ نو اور ترقی” کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے یورپی ممالک، بالخصوص رومانیہ، سے توقع ظاہر کی کہ وہ غزہ کی تعمیرِ نو اور خطے کے استحکام میں فعال کردار ادا کریں گے۔
وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ مصر رومانیہ کے ساتھ تعلقات کو جامع شراکت داری کی سطح تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق مصری منڈی رُومانیہ کی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے، جب کہ رومانیہ مصر اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، خصوصاً اس موقع پر جب دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 120 سال مکمل ہونے والے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات میں مصر اور رومانیہ کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس دوران خطے کی تازہ سیاسی صورتحال، خصوصاً فلسطینی مسئلے پر بھی گفتگو ہوئی۔ بدر عبدالعاطی نے شرم الشیخ امن کانفرنس کے نتائج اور اس کے بعد ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا، جن کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے کے تحت غزہ میں جنگ کے خاتمے کے معاہدے پر عمل درآمد ہے۔
ذرائع کے مطابق واشنگٹن معاہدے کے اگلے مرحلے پر عمل درآمد کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، جس کا محور غزہ کی تعمیرِ نو، وہاں عرب و اسلامی ممالک کی بین الاقوامی افواج کی تعیناتی اور فلسطینی فورسز کی تیاری ہے، تاکہ ایک تکنوکریٹ حکومت تشکیل دی جا سکے جو بین الاقوامی نگرانی میں امورِ حکومت سنبھالے۔( بشکریہ نیو ز پورٹل ’العربیہ ڈاٹ نیٹ ، اردو‘)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔