سعودی عرب سمیت خلیج عرب میں عیدالاضحی کی روح پرور فضائیں، نمازِ عید کے بعد قربانیوں کا سلسلہ جاری
عرب دنیا میں عیدالاضحی عقیدت سے منائی جا رہی ہے۔ مسجد الحرام و مسجد نبوی میں لاکھوں مسلمانوں نے نماز ادا کی، جس کے بعد قربانی دی گئی۔ سعودی شاہ سلمان و ولی عہد نے عید کی مبارکباد پیش کی

مکہ کی مسجد الحرام میں نماز کا منظر / تصویر بشکریہ ایکس
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں جمعہ کے روز عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ میں نماز عید کے عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں لاکھوں حجاج کرام اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ عید کے روح پرور مناظر میں حجاج لبیک اللّٰہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی ہزاروں مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جن میں سعودی شہریوں کے علاوہ لاکھوں غیر ملکی مسلمان بھی شریک ہوئے۔ خطبہ عید میں عالم اسلام میں اتحاد، قربانی، ایثار، انسانیت اور مظلوموں کے لیے دعا پر زور دیا گیا۔
نماز عید کے بعد فرزندانِ اسلام نے سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا عمل شروع کیا جو تین دن تک جاری رہے گا۔ حجاج کرام بھی قربانی کی ادائیگی کے بعد سر منڈوانے کا عمل شروع کریں گے، جو حج کے آخری مراحل میں شامل ہے۔
سعودی حکومت نے قربانی کے عمل کو منظم انداز میں انجام دینے کے لیے ملک بھر میں مویشی منڈیوں، ذبح گاہوں اور گوشت کی تقسیم کے مراکز پر خاص انتظامات کیے ہیں۔ فلاحی ادارے اور رضاکار تنظیمیں قربانی کے گوشت کو مستحق افراد تک پہنچانے میں سرگرم عمل ہیں۔
عیدالاضحی کے موقع پر صفائی، ٹریفک کنٹرول اور سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ بڑے شہروں میں مقامی حکومتوں نے عید اجتماعات، ذبح گاہوں اور رہائشی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی خصوصی مہمات بھی چلائیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پوری امت مسلمہ کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی ہے اور حج کی کامیاب ادائیگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، ترکی، شام، اردن، عمان اور عراق میں بھی آج ہی عیدالاضحی مذہبی عقیدت سے منائی گئی۔ یورپ اور امریکہ میں مقیم کئی ممالک کے مسلمان، بشمول برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے مسلم شہری بھی جمعہ کو ہی عیدالاضحی منا رہے ہیں۔
عید کے موقع پر مسلمان نہ صرف عبادات اور قربانی کا اہتمام کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کو مبارکباد دے کر محبت اور اخوت کے رشتوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ اس روز مستحقین کو یاد رکھنا اسلامی تعلیمات کا اہم جزو سمجھا جاتا ہے، جس کا مظاہرہ خلیجی ممالک میں وسیع پیمانے پر دیکھنے کو ملا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔