
مہندر سنگھ دھونی، تصویر آئی اے این ایس
آئی پی ایل کی کامیاب ترین فرنچائزز میں سے ایک چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے سی ای او کاشی وشوناتھن کا ماننا ہے کہ سابق کپتان ایم ایس دھونی میں اب بھی کرکٹ باقی ہے۔ وہ ٹیم کے لیے ایک آخری سیزن کھیلنے کی پوری کوشش کریں گے۔ انجری کی وجہ سے دھونی آئی پی ایل 2026 کا ایک بھی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔
چنئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وشوناتھن نے کہا کہ دھونی آئندہ سیزن میں کھیلیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ فرنچائز نے پوری طرح ان پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایسا سوال ہے جو آپ کو ان سے پوچھنا چاہیے۔ مجھے بھی ان سے پوچھنا ہوگا۔ جب وہ چنئی آتے ہیں تو ہمیں اپنے فیصلے کے بارے میں بتاتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ان کے سی ایس کے کے لیے کھیلتے رہنے کے امکانات ہیں۔ وہ اب بھی ایک کھلاڑی ہیں، آپ جانتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ دھونی نے آئی پی ایل 2026 کا ایک بھی میچ نہیں کھیلا تھا۔ وہ 45 سال کے ہو چکے ہیں۔ ایسے میں دھونی کے آئندہ سیزن میں کھیلنے پر سوال اٹھتے رہتے ہیں۔ ایم ایس دھونی آئی پی ایل 2027 میں سی ایس کے کے لیے کھیلیں گے یا نہیں، اس بارے میں ٹیم کے سابق کھلاڑی اور مایہ ناز بلے باز سریش رینا نے کہا کہ وہ دھونی کو ایک اور آئی پی ایل سیزن کے لیے واپسی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
چیپاک میں سی ایس کے کے روایتی ’لیپ آف آنر‘ میں دھونی کی شرکت کے بعد رینا نے کہا کہ انہوں نے دھونی سے آئی پی ایل 2027 کے لیے واپسی کی گزارش کی تھی۔ رینا نے کہا ک ’’میں نے ان سے کہا کہ آپ نے آئی پی ایل 2026 نہیں کھیلا۔ اسے شمار نہیں کیا جائے گا۔ آپ کو آئندہ سال واپس آنا ہوگا۔‘‘ سابق بائیں ہاتھ کے بلے باز کا ماننا ہے کہ دھونی نے واپسی کے دروازے پوری طرح بند نہیں کیے ہیں۔ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہوگا۔ رینا نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ وہ مثبت ہیں۔ ٹیم بھی دوبارہ اچھی طرح گھل مل رہی ہے۔ شائقین بھی چاہتے ہیں کہ وہ واپس آئیں۔ انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ دیکھتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ سخت محنت کریں گے اور واپسی کریں گے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔