آسام: جعلی مارک شیٹ کے ذریعہ تقریباً 5000 طلباء نے 11ویں جماعت میں لیا داخلہ، 3 افراد گرفتار

آسام اسٹیٹ اسکول ایجوکیشن بورڈ ڈویژن-2 کی جانب سے دستاویزات کی جانچ کے دوران اس بے ضابطگی کا انکشاف ہوا۔ بورڈ نے ایسے 4934 طلباء کی نشاندہی کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/اے آئی</p></div>
i

آسام میں دسویں جماعت کے جعلی سرٹیفکیٹ فروخت کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں 3 افراد کی گرفتاری بھی ہوئی ہے۔ یہ لوگ سی آئی ایس سی ای بورڈ کے نام سے جعلی سرٹیفکیٹ تیار کرکے فروخت کر رہے تھے۔ آسام کی سی آئی ڈی پولیس کو دسویں جماعت کے امتحان کے جعلی دستاویزات تیار کرنے اور ان کے غلط استعمال کی شکایت موصول ہوئی تھی۔ اسی معاملے کی تحقیقات کے بعد پولیس نے یہ کارروائی کی ہے۔ گرفتار ملزمین کی شناخت موریگاؤں ضلع کے بھرت گور، بارپیٹا ضلع کے دیپ کمار سرکار اور ابھے پوری کے اتپل داس کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان تینوں پر رقم لے کر دسویں جماعت کے جعلی سرٹیفکیٹ فروخت کرنے کا شبہ ہے۔

سی آئی ڈی اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے کہ یہ جعلی دستاویزات کیسے تیار کیے گئے، انہیں لوگوں تک پہنچانے کا انتظام کس نے کیا اور کیا اس گروہ میں کوئی اور بھی شامل ہے۔ یہ پورا معاملہ آسام میں 11ویں جماعت (ہائر سیکنڈری فرسٹ ایئر) میں داخلے کے لیے مشتبہ سی آئی ایس سی ای سرٹیفکیٹ کے استعمال سے وابستہ ایک بڑے تنازعہ سے متعلق ہے۔ آسام اسٹیٹ اسکول ایجوکیشن بورڈ (اے ایس ایس ای بی)، ڈویژن-2 کی جانب سے دستاویزات کی جانچ کے دوران اس بے ضابطگی کا انکشاف ہوا۔ بورڈ نے ایسے 4934 طلباء کی نشاندہی کی ہے، جنہوں نے تعلیمی سال 2025-26 اور 2026-27 کے دوران سی آئی ایس سی ای بورڈ کے بتائے جانے والے ان جعلی سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر 11ویں جماعت میں داخلہ لیا تھا۔ ان میں سے 2083 طلباء نے تعلیمی سال 2025-26 میں، جبکہ 2851 طلباء نے 2026-27 میں داخلہ لیا تھا۔


دستاویزات کی جانچ کے دوران سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے اداروں پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایسے 94 اداروں کا پتہ چلا ہے، جنہیں سی آئی ایس سی ای سے منظوری حاصل نہیں تھی، اس کے باوجود انہوں نے بورڈ کے نام پر سرٹیفکیٹ جاری کیے۔ جبکہ آسام اور اروناچل پردیش میں مجموعی طور پر صرف 28 اسکول ہی سی آئی ایس سی ای سے منظور شدہ ہیں۔ اب یہ معاملہ ضلعی سطح تک پہنچ گیا ہے اور کئی اسکولوں اور کالجوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ صرف ناگاؤں ضلع میں 88 تعلیمی اداروں کے 1288 طلباء کے دستاویزات میں بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں، جس کے بعد 75 سے زائد اداروں نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ آسام کے وزیر تعلیم ڈاکٹر رانوج پیگو پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ جعلی سرٹیفکیٹ کے ذریعے داخلہ لینے والے جن طلباء کو پکڑا جائے گا، ان کا داخلہ منسوخ کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بورڈ نے رواں سال مشتبہ دستاویزات کی بنیاد پر داخلہ لینے والے طلباء کا رجسٹریشن بھی روک دیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔