آئی پی ایل 2026 کے آغاز سے قبل چنئی سپر کنگس کے لیے آئی بری خبر، پہلے 2 ہفتے کے لیے ٹیم سے باہر ہوئے دھونی
44 سالہ وکٹ کیپر بلے باز دھونی اپنی کپتانی میں چنئی سپر کنگس کو 5 خطاب جتوا چکے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ سے 6 سال قبل 2020 میں ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

آئی پی ایل 2026 کے آغاز سے قبل چنئی سپر کنگس کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کم از کم 2 ہفتوں کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔ چنئی سپر کنگس (سی ایس کے) نے آفیشل بیان جاری کر اس کے متعلق اطلاع دی ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ دھونی پنڈلی کے پٹھوں میں کھنچاؤ (کاف اسٹرین) کے سبب بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ چنئی کا پہلا میچ پیر (30 مارچ) کو راجستھان رائلس کے خلاف ہے۔
چنئی سپر کنگس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مہندر سنگھ دھونی فی الحال پنڈلی کے پٹھوں میں کھنچاؤ (کاف اسٹرین) کے باعث بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ اس وجہ سے ممکن ہے کہ وہ ٹاٹا آئی پی ایل 2026 کے پہلے 2 ہفتوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ جلد صحت یاب ہوں تھالا !‘‘
چنئی سپر کنگس کے آفیشل بیان کے مطابق مہندر سنگھ دھونی 2 ہفتے تک آئی پی ایل سے باہر رہ سکتے ہیں۔ ان 2 ہفتوں کے دوران چنئی کی ٹیم 4 اہم میچ کھیلے گی۔ سی ایس کے اپنا پہلا میچ 30 مارچ کو گوہاٹی میں راجستھان رائلس کے خلاف کھیلے گی، جس کے بعد ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر پنجاب کنگس کے خلاف 3 اپریل کو کھیلے گی۔ اس کے بعد 5 اپریل کو رائل چیلنجرس بنگلورو اور 11 اپریل کو دہلی کیپٹلس کے خلاف سی ایس کے کو کھیلنا ہے۔
4 میچوں کے بعد چنئی کا اگلا مقابلہ 14 اپریل کو کولکاتہ نائٹ رائڈرس کے خلاف ہے۔ اگر دھونی کی انجری توقع کے مطابق وقت پر ٹھیک نہیں ہوتی تو وہ اس میچ سے بھی باہر ہو سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں وہ 18 اپریل کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ سے واپسی کر سکتے ہیں۔ 44 سالہ وکٹ کیپر بلے باز دھونی اپنی کپتانی میں چنئی سپر کنگس کو 5 خطاب جتوا چکے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ سے 6 سال قبل 2020 میں ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔