مرکزی حکومت کے حد بندی بل کو شیو سینا یو بی ٹی نے ’جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر‘ قرار دیا
’سامنا‘ میں کہا گیا ہے کہ 17 اپریل 2026 کو حد بندی بل لوک سبھا میں گر گیا تھا۔ اب حکومت اسے دوبارہ پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس بار حکومت نے ضروری تعداد کیسے اکٹھی کی ہے؟
شیو سینا (یو بی ٹی) نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل ہفتہ (28 نومبر) کو مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی کے ترجمان اخبار ’سامنا‘ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ حکومت نے سرمائی اجلاس ملتوی کر کے خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے تاکہ حد بندی بل دوبارہ پارلیمنٹ میں پیش کر کے منظور کرایا جا سکے۔ شیو سینا (یو بی ٹی) نے اسے حکومت کی نئی سیاسی چال قرار دیا ہے۔
’سامنا‘ میں پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے خصوصی اجلاس کی اطلاع دینے پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں۔ الزام ہے کہ حکومت نے حزب اختلاف کے قائد اور دیگر اہم رہنماؤں سے بات چیت کرنا ضروری نہیں سمجھا۔ اداریے کے مطابق حکومت پہلے فیصلے لیتی ہے اور بعد میں لوک سبھا اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین کو اس کی اطلاع دیتی ہے۔
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع خبر کے مطابق اداریے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حد بندی بل منظور کرانے کے لیے حکومت کو 2 تہائی اکثریت کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل 17 اپریل 2026 کو یہ بل لوک سبھا میں گر گیا تھا۔ اب حکومت اسے دوبارہ پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ’سامنا‘ نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر حکومت نے اس بار ضروری تعداد کیسے اکٹھی کی ہے؟ اداریے میں ڈی ایم کے اور شرد پوار کی این سی پی کی حمایت پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں۔
’سامنا‘ کے مطابق حد بندی کے بعد آبادی کی بنیاد پر لوک سبھا کی نشستوں کی تقسیم سے شمالی ہندوستان کی نشستوں میں زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کو نسبتاً کم فائدہ ہوگا۔ اس سے جنوبی ریاستوں کا سیاسی اثر و رسوخ کمزور ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ’سامنا‘ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اگر وزیر اعظم مودی اور امت شاہ نے یہ بل منظور کرا لیا تو تاریخ میں ہمیشہ کے لیے درج ہو جائے گا کہ جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپ کر اقتدار کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں رکھی گئی۔
’سامنا‘ میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ مودی حکومت ملک کے معاشی مسائل، مہنگائی اور سلامتی جیسے معاملات کے بجائے 2029 کے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے حد بندی بل کو ترجیح دے رہی ہے۔ ’سامنا‘ کے مطابق یہ بل ملک کی جمہوریت کو کمزور کر سکتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
