حد بندی بل: ’آج بی جے پی کے ساتھ عارضی سیاسی گٹھ جوڑ مستقبل میں سیاسی تباہی کا سبب بن سکتا ہے‘، کانگریس

پون کھیڑا نے کہا کہ ’’آسام اور جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت کے ذریعہ کرائی گئی حد بندی کی کارروائی ہر سیاسی پارٹی کے لیے ایک واضح تنبیہ ہونی چاہیے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>کانگریس لیڈر پون کھیڑا / تصویر آئی این سی</p></div>
i

مرکزی حکومت نے انتخابی حلقوں کی حد بندی سے متعلق بل میں کچھ تبدیلیوں کے ساتھ منظوری دے دی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان تبدیلیوں کے بعد کچھ اپوزیشن پارٹیاں بھی مرکزی حکومت کو حمایت دے سکتی ہیں۔ حالانکہ کانگریس نے اس سلسلے میں بالکل واضح رخ ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ حد بندی بل کی مضبوطی کے ساتھ مخالفت کی جائے گی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے اس بارے میں اپوزیشن پارٹیوں کو متنبہ بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’آسام اور جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت کے ذریعہ کرائی گئی حد بندی کی کارروائی ہر سیاسی پارٹی کے لیے ایک واضح تنبیہ ہونی چاہیے۔ یہ کارروائیاں ظاہر کرتی ہیں کہ کس طرح حد بندی کے عمل میں ہیرا پھیری کر سیاسی نمائندگی کو مسخ کیا جا سکتا ہے اور حکمراں پارٹی کے حق میں انتخابی نقشہ دوبارہ ترتیب دیا جا سکتا ہے۔‘‘

یہ بیان پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’آج بی جے پی کے ساتھ عارضی سیاسی گٹھ جوڑ مستقبل میں سیاسی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے ہر سیاسی پارٹی کو خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں حدبندی کو خفیہ طریقے سے نافذ کرنے کی بی جے پی کی کوششوں کی واضح انداز میں مخالفت کرنی چاہیے۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ حدبندی کمیشن کی تشکیل سے یہ خدشات مزید گہرے ہو جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’چیف الیکشن کمشنر یا چیف الیکشن کمشنر کے نامزد کردہ الیکشن کمشنر اس کمیشن کے عہدے کی مناسبت سے رکن ہوتے ہیں۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے اس عمل کی غیر جانبداری پر بھروسہ کرنے کی کوئی خاص وجہ نظر نہیں آتی، حالانکہ یہ عمل ہندوستان کے انتخابی منظرنامے کو بنیادی طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔‘‘


پون کھیڑا نے مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ حد بندی بل کو جبریہ انداز میں پارلیمنٹ سے پاس کرانے کی کوششوں کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ’’کانگریس پارٹی حکومت کی جانب سے اس بل کو زبردستی منظور کرانے کی کوشش کی سخت مخالفت کرتی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے پارٹی کی طرف سے قبل میں پیش کیے گئے 3 واضح مطالبات بھی سامنے رکھے، جو اس طرح ہیں:

  1. لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں کی تعداد برقرار رکھی جائے اور پارلیمانی نمائندگی میں ریاستوں کا موجودہ تناسب بھی برقرار رکھا جائے۔

  2. مزید 25 برسوں کے لیے نشستوں کی تعداد اور ریاستوں کے درمیان نشستوں کا تناسب منجمد رکھا جائے۔ اس سلسلے میں 1976 میں اندرا گاندھی اور 2001 میں اٹل بہاری واجپئی کے ذریعہ اختیار کردہ روایت پر عمل کیا جائے۔ مودی کی دانش مندی ان لیڈروں سے زیادہ نہیں ہے، جو ان سے پہلے اقتدار میں رہے ہیں۔

  3. 2029 کے لوک سبھا انتخابات سے خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن نافذ کیا جائے، جس میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی خواتین کے لیے داخلی ریزرویشن بھی شامل ہو۔ خواتین کے ریزرویشن کو سیاسی مقاصد کے تحت تیار کردہ حد بندی کے عمل کا ’یرغمال‘ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

پون کھیڑا اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ مودی اور شاہ سمجھ چکے ہیں کہ 2029 میں (اگر اس سے پہلے نہیں، تو) انہیں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اچانک خواتین کی نمائندگی کے تئیں فکر مند ہونے کا دکھاوا شروع کر دیا ہے۔ کانگریس لیڈر کے مطابق مودی حکومت کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا نہیں، بلکہ اپنی سیاسی بقا کے لیے اس معاملے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔