سماج

کیا تاریخ میں کبھی کوئی سنہری دور بھی گزرا ہے؟

یونانی شاعر ہیسوڈ نے تاریخ میں سنہری دور کا تصور پیش کیا تھا۔ اس کو وہ سونے کی دھات سے تشبیہ دیتا تھا جو کبھی زنگ آلود نہیں ہوتا ہے۔ کیا تاریخ میں کبھی کوئی سنہری دور بھی گزرا ہے؟

کیا تاریخ میں کبھی کوئی سنہری دور بھی گزرا ہے؟
کیا تاریخ میں کبھی کوئی سنہری دور بھی گزرا ہے؟ 

سنہری زمانے سے ہیسوڈ (Hesiod) 650 قبل مسیح کی مراد ماضی کا ایک ایسا دور تھا، جس میں انسان امن و امان اور خوشحالی کے ساتھ رہتا تھا۔ لیکن جیسے جیسے تہذیب میں ترقی ہوئی، سنہری زمانہ دور ہوتا چلا گیا اور انسان کے اجتماعی شعور میں اس کی یادیں باقی رہ گئیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سنہری زمانے کو واپس لانے کی خواہشات بھی بڑھتی گئیں۔

Published: undefined

یورپی عہد وسطیٰ میں مسیحی دنیا میں اس خیال کو تقویت ہوئی کہ جنت یا باغ عدن اسی دنیا میں واقع تھا جو حضرت آدم اور امّا حوا کے نکلنے کے بعد روپوش ہو گیا۔ امریکی محقق اور مصنف مارگریٹ تھومسن نے جنت کی تاریخ (History of Paradise) میں ان مہمات کا ذکر کیا ہے، جن میں جنت عرض کو تلاش کرنے کی کوششیں کی گئی تھیں۔ نقشوں کی مدد سے اس کھوئی ہوئی جنت کو کبھی مشرقی وسطیٰ میں، کبھی افریقہ میں اور کبھی جنوبی امریکہ میں تلاش کیا گیا، مگر ناکامی ہوئی۔

Published: undefined

اطالوی تاجر اور مہم جو مارکو پولو نے چین جاتے ہوئے راستے میں اسماعیلی رہنما حسن الصباح کے مفروضہ جنت کے کھنڈرات کا ذکر کیا ہے۔ اسی مفروضے پر عبدل حلیم شرر نے 1926ء میں اپنا ناول فردوس بریں لکھا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انسان کو سنہری دور اور جنت عرض کی خواہش رہی ہے۔ جہاں وہ جنگوں سے دور سماجی پریشانیوں سے نجات پاکر خوشی اور مسرت کی زندگی گزار سکے۔

Published: undefined

سنہری زمانے کی خواہش اس وقت شدت کے ساتھ اُبھری جب ایشیا اور افریقہ کے ممالک یورپی سامراج کے تسلط میں آئے۔ یورپی ممالک نے انہیں غیر مہذب اور بار بیرین کہا۔ ان سے مقابلہ کرتے ہوئے جب ان ممالک کو شکست ہوئی تو ان کا اعتماد بھی ٹوٹا اور یہ احساس کمتری میں مبتلا ہو گئے۔ لہٰذا اپنی آزادی کی جدوجہد کے لیے انہیں کسی ایسے نظریے کی ضرورت تھی جو انہیں ہمت اور اعتماد دیتا۔

Published: undefined

ان حالات میں انہوں نے شاندار ماضی میں سنہری زمانے کو ڈھونڈا۔ مثلاً ہندوستان میں آریا سماج، ہندو مہاسبہ اور ہندتوا نے اپنی تاریخ میں ویدوں کے زمانے کو سنہری کہا۔ گاندھی جی نے رام راجیہ کو سنہری زمانے کی حیثیت سے پیش کیا۔ ہندو انتہا پسند مورخوں نے اپنی تاریخ کو مبالغہ آمیزی کے ساتھ تشکیل دے کر تاریخ نویسی کے بنیادی اصولوں سے انحراف کیا ہے۔ مثلاً ان کا دعویٰ ہے کہ ریگ وید جیالوجی کے ابتدائی زمانے میں لکھی گئی تھی۔ اُڑن کھٹولے سے مراد وہ جہاز لیتے ہیں اور یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ گنیش دیوتا کو ہاتھی کی سونڈ پلاسٹک سرجری کے ذریعے لگائی گئی تھی۔ سیاست میں ان مختلف سنہری زمانوں کو تشکیل دے کر خواص اور عوام میں قومیت کا جذبہ پیدا کیا جاتا ہے۔

Published: undefined

مسلمان بھی اپنی تاریخ میں کئی سنہری زمانوں کی تشکیل کرتے ہیں۔ پہلا سنہری زمانہ خلافت راشدہ کا ہے جسے مثالی کہا جاتا ہے۔ دوسرا زمانہ عباسی دور حکومت ہے جس میں مسلمانوں کی فتوحات اور ان کے علمی اور ادبی کارنامے ہیں۔ تیسرا ہندوستان میں مغل حکومت کو سمجھتے ہیں، جس نے 1000 برس تک ہندوؤں پر حکومت کی تھی اور چوتھا خلافت عثمانیہ کا، جس کا خاتمہ پہلی عالمی جنگ کے بعد ہوا۔

Published: undefined

جب بھی کسی قوم میں سنہری زمانے کی تلاش ہوتی ہے تو اس کے ساتھ ہی اسے ماضی سے واپس حال میں لانے کے لیے احیاء کی تحریک اُٹھتی ہے، تاکہ شاندار ماضی اور سنہری زمانے کو واپس لاکر دوبارہ سے کھوئی ہوئی عظمت کو حاصل کریں۔ احیاء کی تحریک کی وجہ سے معاشرہ مستقبل کے بجائے ماضی کے اندھیروں میں گم ہو جاتا ہے۔

Published: undefined

شبلی نعمانی کا مسلمانوں کو یہ مشورہ تھا کہ ان کی ترقی پیچھے جانے میں ہے۔ اس قدر پیچھے جائیں کہ ماضی کے سنہری زمانے تک پہنچ جائیں۔ احیاء کی تحریک چونکہ ماضی کے خیالات و افکار اور روایات کو مکمل اور جامع سمجھتی ہے۔ اس لیے اس میں جدید افکار کی گنجائش نہیں ہوتی۔ اس نظریے کے تحت تاریخ پہیے کی طرح گردش کرتی رہتی ہے اور اپنے آپ کو دہراتی رہتی ہے، جبکہ ترقی کے نظریے میں تاریخ سیدھے راستے یعنی ایک لکیر میں حرکت کرتی ہے۔

Published: undefined

شاندار ماضی کی خواہش میں ایشیائی ملکوں کے ساتھ یورپی ممالک بھی شامل ہیں۔ مثلاً اہل یونان اپنا شاندار ماضی سقراط، افلاطون، ارسطو اور اس عہد کے ڈرامہ نگاروں میں تلاش کر کے اپنی تاریخ کو باوقار بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اٹلی میں جب موسولینی اقتدار میں آیا تو اس نے قدیم رومی ایمپائر کو بحال کرنے کی کوشش کی۔ نہ صرف رومی عہد کی تاریخ کو قوم پرستی کے نقطہ نظر سے لکھا گیا بلکہ اس نے فتوحات کے ذریعے اس کی پرانی شان و شوکت کو عملی طور پر واپس لانا چاہا، مگر اٹلی کو ایتھوپیا میں شکست ہوئی اور وہ مشکل سے لیبیا اور صومالیہ میں اپنا قبضہ جما سکا۔ رومی سلطنت کے احیاء کا خواب پورا نہ ہو سکا۔

Published: undefined

جرمنی میں بھی مفکروں اور مورخوں نے جرمن آریا نسل کی پرانی خوبیوں کو واپس لانے کے لیے نازی دور حکومت میں کئی اقدامات کیے۔ آریا نسل کی پاکیزگی کے لیے یہودیوں سے شادی بیاہ اور میل ملاپ کو ختم کرنے کی کوششیں ہوئیں اور اس پالیسی پر بھی عمل ہوا کہ ان کا جرمنی سے مکمل خاتمہ ہو جائے تا کہ جرمن نسل پاک ہو کر پرانی عظمت اور اوصاف کو حاصل کر سکے۔

Published: undefined

سنہری زمانے اور احیاء کی تحریکوں کو کبھی کامیابی تو نہیں ہوئی مگر ناکامی کے باوجود پسماندہ معاشرے میں یہ خواہش ہمیشہ باقی رہی کہ وہ اپنے حالات سے مایوس ہو کر اپنی تاریخ کو دہرانا چاہتا ہے۔ خاص طور سے اس خواہش کی وجہ سے سیاست دان اور حکمران ان کو بار بار یقین دلاتے ہیں کہ وہ ماضی کا سنہری زمانہ واپس لائیں گے جو ان کے تمام مسائل کا حل ہو گا۔ جب تک سنہری دور کا تصور اور شاندار ماضی کا خیال باقی رہے گا، اس وقت تک لوگ گمراہی کے اندھیرے میں رہتے ہوئے پسماندہ رہیں گے اور اس مفروضے سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے سیاست دان اور مذہبی رہنما اپنا اثرور سوخ قائم رکھیں گے۔

Published: undefined

تاریخ کا مطالعہ یہ ثابت کرتا ہے کہ اب تک کسی بھی عہد میں شاندار ماضی کا احیاء نہیں ہوا اور سنہری دور کا تصور ہمیشہ ایک خواب ہی رہا، کیونکہ سنہری زمانہ کبھی بھی تاریخ میں نہیں رہا۔ یہ مورخ اور دانشمند ہیں جو کسی زمانے کو شاندار بنا دیتے ہیں اور کسی کو پسماندہ اگر اس حقیقت کو سمجھ لیا جائے تو اس نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں کہ سنہری زمانہ ماضی میں نہیں بلکہ مستقبل میں ہے اور جس کی تشکیل کے لیے معاشرے کو قربانیاں دینا ہوں گی اور فرسودہ روایات اور اداروں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔

Published: undefined

نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined