بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے بھتیجے آکاش آنند کے یہاں بیٹی کی پیدائش، خاندان میں خوشی کی لہر
مایاوتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے قومی کنویز آکاش آنند کے یہاں بیٹی کی شکل میں خاندان میں نئے رکن کی آمد پر تمام لوگوں میں خوشی کی لہر ہے۔‘‘

بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی کے خاندان سے ایک بڑی خوشخبری سامنے آ رہی ہے۔ اترپردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے اس بات کی اطلاع خود دی ہے۔ بی ایس پی کے قومی کنویز اور مایاوتی کے بھتیجے آکاش آنند کے یہاں بیٹی کے طور پر خاندان میں ایک نئے رکن کا اضافہ ہوا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ یوپی مایاوتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے قومی کنویز آکاش آنند کے یہاں بیٹی کی شکل میں خاندان میں نئے رکن کی آمد پر تمام لوگوں میں خوشی کی لہر ہے۔ میرے لیے اس سے بھی زیادہ خوشی اور فخر کی بات یہ ہے کہ آکاش نے اپنی بیٹی کو بھی میری ہی طرح بہوجن سماج کے مشن کے لیے خود کو وقف کرنے کے لیے تیار کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، جس کا تہ دل سے استقبال ہے۔ ماں اور بیٹی دونوں مکمل طور سے صحت مند ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ آکاش آنند مایاوتی کے سب سے چھوٹے بھائی آنند کمار کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے لندن میں ایم بی اے کی تعلیم حاصل کی تھی، جہاں ان کی ملاقات پرگیہ سدھارتھ سے ہوئی۔ دونوں نے گروگرام کے ایک ریزورٹ میں 26 مارچ 2023 کو شادی کی تھی۔ اس کے بعد 28 مارچ کو نوئیڈا میں ان کا ریسیپشن ہوا تھا۔ آکاش آنند کی اہلیہ پرگیہ سدھارتھ ایک ڈاکٹر ہیں۔ ڈاکٹر پرگیہ بی ایس پی کے سابق رکن پارلیمنٹ اشوک سدھارتھ کی بیٹی ہیں۔